Live Updates

نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج

تحریک انصاف نے محسن نقوی کو بطور نگران وزیراعلٰی کام سے روکنے کی استدعا کر دی

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 27 جنوری 2023 10:39

نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔27 جنوری 2023ء) تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تقرری سپریم کورٹ میں چیلنج کردی۔پی ٹی آئی نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکرٹری درخواست دائر کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی نے درخواست میں محسن نقوی کو بطور نگران وزیر اعلیٰ کام سے روکنے کی استدعا کی ہے۔درخوست میں استدعا کی گئی کہ محسن نقوی کا نگران وزیراعلیٰ تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی قرار دیا جائے۔

اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنانے کا نوٹیفکیشن بھی چیلنج کر دیا ہے جبکہ درخواست میں تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن ممبر بابر حسن بھروانہ اور اکرام اللہ خان کی تعیناتی بھی غیر آئینی قرار دینے کی استدعا کی ہے۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے اور آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا،الیکشن کمیشن کی تشکیل آرٹیکل 218 کے تقاضوں پر پوری نہیں اترتی۔

درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی حیثیت کھو چکا ہے،الیکشن کمیشن کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کی جائے۔قرار دیا جائے کہ جانبدار الیکشن کمیشن فری اینڈ فیئرالیکشن نہیں کرا سکتا،سپریم کورٹ تمام اسٹیک ہولڈرزکو متحرک کر کے صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کرے۔ یاد رہے کہ تحریک انصاف نے محسن نقوی کی تعیناتی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے دو روز قبل کہا کہ رجیم چینج میں سب سے بڑا کردار محسن نقوی کا تھا،مجھے حکومت سے سازش کے تحت باہر نکالا تو عوام لاکھوں کی تعداد میں سڑکوں پر نکلے۔

انہوں نے کہا کہ محسن نقوی صاف و شفاف انتخابات کرانے نہیں آئے اور میں جب تک زندہ ہوں ملک کے لیے جدوجہد جاری رکھوں گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ 26 سال پہلے اپنی جماعت کا نام انصاف کی تحریک رکھا تھا اور جن ممالک میں قانون کی بالادستی ہے وہ خوشحال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تک جتنی عزت مجھے ملی اتنی کون سے وزیر اعظم کو ملی؟ میرے لیے وزارت عظمیٰ کی کوئی اہمیت نہیں جبکہ آج قوم ایک بہت خطرناک موڑ پر کھڑی ہے،ظلم اور ناانصافی کے سامنے کھڑے ہونے کا نام جہاد ہے اور اللہ تعالیٰ نے ہم پر جہاد فرض کیا ہوا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات