فیصل آباد کے شہر اور گردونواح میں گیس لوڈشیڈنگ،عوام کو شدید مشکلات کاسامنا

جمعہ 27 جنوری 2023 14:20

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2023ء) فیصل آبادشہر اور گردونواح میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کا سلسلہ جاری ، جس کے باعث شہریوں کو ناشتہ اور کھانا تیار کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا‘ آٹا اور میدہ کی قیمتوں میں اضافہ اور گیس لوڈشیڈنگ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ضلعی انتظامیہ بڑے بڑے مگرمچھوں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خورون کے سامنے بے بس ۔

تفصیلات کے مطابق شہر میں ٹیکسٹائل ملیں‘ فیکٹریاں بند ہونے کی وجہ سے لاکھوں مزدور بے روزگار ہو چکے ہیں، آئے روز اشیائ ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے غریب شہری مہنگائی کی چکی میں پس چکے ہیں اور دو وقت کی روٹی کا حصول ناممکن ہوتا جا رہا ہے، اس کے ساتھ فلور ملوں کی طرف سے آئے روز آٹا اور میدہ کے ریٹ بڑھائے جا رہے ہیں اور رہی سہی کسر گیس کی لوڈشیڈنگ نے پوری کر دی۔

(جاری ہے)

گیس نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ وطالبات اور دیگر سرکاری وغیر سرکاری محکموں کے ملازمین بغیر ناشتہ کئے سکولوں اور ڈیوٹی پر جانے پر مجبور ہیں۔ نان بائیوں نے سادہ روٹی کی قیمت 15 روپے اور نان کی قیمت 25 سے 30 روپے تک کر دی ہے۔ غریب عوام آٹا‘ اشیائ ضروریہ کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ اور گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں اور حکمران مہنگائی پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں جبکہ ضلعی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بڑے بڑے مگرمچھوں کو پکڑنے کی بجائے سبزی‘ پھل فروشوں اور معمولی کریانہ سٹورز پر چھاپے مار کر بھاری جرمانے کرتے نظر آتے ہیں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کو لگام دینے میں ناکام ہیں۔

شہری حلقوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ صبح شام گیس کی لوڈشیڈنگ کو ختم کیا جائے۔