جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال سے مکئی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ،چوہدری عبدالحمید

جمعہ 27 جنوری 2023 16:09

جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال سے  مکئی کی پیداوار میں خاطر خواہ ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2023ء) جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے استعمال سے مکئی کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔ پرنسپل ایگری کلچر آفیسر وڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمیدنے بتایا کہ مکئی کی سال میں دو فصلیں کاشت کی جاتی ہیں جن میں پہلی بہار یہ مکئی اور دوسری موسمی مکئی کہلاتی ہے اور تھوڑے عرصے کی فصل ہونے کی بنا پر اسے فصلوں کی ترتیب اور ادل بدل میں بآسانی شامل کیا جاسکتا ہے لہٰذا اس کا شمار نقد آور فصلات میں کیا جانے لگا ہے جس کی کاشت سے کاشتکار بہترین منافع حاصل کرسکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بہاریہ مکئی کی صرف ہائبرڈ اقسام کا وقت کاشت آخر جنوری تا آخر فروری ہے اسلئے کاشتکارمکئی کی ہائبرڈز اقسام وائی ایچ 1898، ایف ایچ 949(صرف بہاریہ کاشت)، ایف ایچ 1046 اور وائی ایچ5427کاشت کریں جبکہ مکئی کی عام منظور شدہ اقسام میں گوہر19،ساہیوال گولڈ،سمٹ پاپ،پاپ1،سویٹ1،ملکہ2016،ایم ایم آر آئی ییلو اور پرل11 شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مکئی کی پیداوار میں اضافہ کی بنیادی وجہ ہائبرڈ بیج اور جدید پیداواری ٹیکنالوجی کا استعمال ہے کیونکہ ہائبرڈ اقسام بہترین پیداواری صلاحیت رکھتی ہیں اوران دوغلی اقسام میں گرم و خشک موسمی حالات کو برداشت کرنے کی بہترین صلاحیت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہاریہ مکئی زیا دہ تر وٹو ں پر کا شت کی جاتی ہے اسلئے اگر کھیت ہمو ار نہیں ہو گا تو پا نی لگا نے سے کہیں تو پانی وٹو ں کے اوپر چڑھ جا ئے گا اور کہیں نیچے رہ جا ئے گا جس سے نہ صر ف اگاؤ متا ثر ہو گا بلکہ بعد میں بڑ ھو تر ی بھی متا ثر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وٹوں پر کاشت کیلئے صاف ستھرا، صحت مند، خالص اور 90فیصد سے زائد روئیدگی رکھنے والا 8سے 10کلو گرام جبکہ بذریعہ سنگل رو کاٹن ڈرل (صرف بارانی علاقے میں)12 سے 15کلو گرام بیج فی ایکڑ کافی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار بہاریہ مکئی میں دوغلی اقسام کو 6 انچ اور سنتھیٹک اقسام کو7سے 8 انچ کے فاصلہ پر کاشت کریں جبکہ پودے سے پودے کا فاصلہ 6 انچ ہونے کی صورت میں پودوں کی فی ایکڑ تعداد تقریباً 35ہزار جبکہ 7سے 8 انچ فاصلہ کی صورت میں یہ تعداد 26 ہزارسے 30ہزار ہو نی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاش علاقوں میں بہاریہ مکئی کو ساڑھے3 فٹ کے باہمی فاصلہ پر بنائی گئی پٹڑ یوں پر بھی کاشت کیا جا تا ہے تاہم اس طریقہ میں بھی ہلکا پانی لگانے کے فوراً بعدریز پہنچنے سے پہلے پٹڑیوں کے دونوں اطراف چوکایا چوپا لگایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آبپاش علاقوں میں بہاریہ مکئی کی بوائی کے بعدکاشتکار دوسرا پانی ہفتہ بعد ضرورلگائیں تاکہ اگاؤ اچھا ہوسکے۔