بھارت نے کشمیریوں کے تمام جمہوری حقوق سلب کر رکھے ہیں ، محمو دساغر

جمعہ 27 جنوری 2023 14:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2023ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ بھارت ایک نام نہاد جمہوری ملک ہے کیونکہ اس نے تمام جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر کے کشمیری عوام کے تمام جمہوری حقوق سلب کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت نے کشمیریوں کے علاوہ ملک کی اقلیتوں بشمول مسلمانوں ، عیسائیوں اور دلتوں اورسکھوں کے بھی تمام حقوق سلب کر رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گجرات میں 2002کے مسلم کش فسادات کے بارے میں بی بی سی کی حالیہ ڈاکو منٹری نے بھارت اور نریندر مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے۔محمود ساغر نے کپواڑہ قتل عام کے متاثرین کو ان کی 28ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت بھی پیش کیا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوںکا قتل عام بند کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔انہوں نے وادی بھر میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم اور بگرفتاریوں کی بھی مذمت کی۔