Live Updates

قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری

ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہوں گے،امیدوار کاغذات نامزدگی 6 سے 8 فروری تک جمع کرا سکیں گے،الیکشن کمیشن

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعہ 27 جنوری 2023 15:20

قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔27 جنوری 2023ء) قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا گیا،ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے،قومی اسمبلی کے 33 حلقوں میں ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہو گی،شیڈول کا آغاز 3 فروری کو پبلک نوٹس جاری کرنے سے ہو گا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی 6 سے 8 فروری تک جمع کرا سکیں گے،کاغذات کی جانچ پڑتال 9 فروری کو ہو گی،امیدواروں کو انتخابی نشان 23 فروری کو جاری ہوں گے۔ جن حلقوں میں ضمنی الیکشن ہوں گے ان میں سوات،ہری پور،صوابی،نوشہرہ،کوہاٹ،ڈی آئی خان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد کے تین حلقے،راولپنڈی کے پانچ،کراچی کے 9 حلقے،لاہور اور ملتان کے دو،دو حلقوں پر بھی ضمنی الیکشن 16 مارچ کو ہوں گے۔

(جاری ہے)

کراچی میں این اے241 کورنگی اور این اے 242 شرقی میں ضمنی الیکشن ہوں گے،این اے 243،این اے 244 اوراین اے247 جنوبی میں بھی الیکشن شیڈول میں شامل ہے۔پ ی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کے باعث یہ نشستیں خالی ہوئی تھیں،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گزشتہ دنوں تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے منظور کیے تھے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر21 بڑی سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو 2 فروری کو مدعو کر لیا ہے،الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور تجاویز مانگے گا۔ چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس 2 فروری کو ہو گا،پی ٹی آئی،مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی،ایم ایم اے اور ایم کیو ایم کو دعوت نامے ارسال کر دئیے گئے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ق،بی اے پی،اے این پی،پی کے میپ اور جی ڈی اے کو بھی دعوت نامے ارسال کئے گئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات