مصری صدرالسیسی کی بہ طور مہمان خصوصی بھارت کے یوم جمہوریہ کی پریڈ میں شرکت

جمعہ 27 جنوری 2023 22:37

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2023ء) مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے بھارت کی صدر دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ نئی دہلی میں یوم جمہوریہ کے موقع پرمنعقدہ پریڈ میں بہ طورمہمان خصوصی شرکت کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت نے نوتزئین شدہ نوآبادیاتی ایونیو میں رنگا رنگ پریڈ میں اپنے فوجی اور ثقافتی تنوع کا مظاہرہ کیا۔

اس میں مصرکی مسلح افواج کے دستے اور خواتین پرمشتمل مسلح دستوں نے بھی شرکت کی اور اس رنگا رنگ پریڈکو چارچاند لگائے ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت میں 1950 میں سیکولرآئین کے نفاذ کی یاد میں ہرسال 26 جنوری کو یوم جمہوریہ منایاجاتا ہے اور اس موقع پر دارالحکومت میں مسلح افواج کی خصوصی پریڈ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔اس مرتبہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی اس قومی پریڈ کے مہمان خصوصی تھے۔

انھوں نے اس سے قبل نئی دہلی میں بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی سے بات چیت کی۔وہ گذشتہ ایک سال میں بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے بڑے عالمی رہ نما ہیں جبکہ مودی حکومت پہلی بار جی 20 سربراہ اجلاس کی میزبانی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔پریڈ میں بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔