دو روز سے واہگہ پر موجود بھارتی بیس بال ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت مل گئی

جمعہ 27 جنوری 2023 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2023ء) ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں شرکت کیلئے بھارتی بیس بال ٹیم پاکستان پہنچ گئی۔بھارتی بیس بال ٹیم واہگہ کے راستے لاہور پہنچی جس کے بعد ٹیم ویسٹ ایشیا کپ میں شرکت کیلئے اسلام آباد روانہ ہوئی۔بھارتی بیس بال اسکواڈ کوجمعہ کو ہی پاکستان آنے کیلئے کلیئرنس ملی تھی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بھارتی بیس بال ٹیم کو واہگہ پر بھارتی حکام نے روک دیا تھا اور ٹیم دو روز سے اپنی حکومت کی جانب سے کلیئرنس کی منتظر تھی۔

بھارتی وزارت کھیل نے اپنی وزارت داخلہ کو خط لکھا تھا اور کہا تھاکہ بیس بال ٹیم کے پاکستان جانے پراعتراض نہیں، بھارتی ٹیم کو پاکستان جانے کیلئے کسی این او سی کی ضرورت نہیں لہٰذا وزارت داخلہ بیس بال ٹیم کو پاکستان جانے دے۔خیال رہے کہ وویسٹ ایشیا بیس بال کپ اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے،ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں پاکستان، سری لنکا ، فلسطین ، بنگلا دیش، افغانستان اور بھارت کی ٹیمیں شریک ہیں۔