اسٹیورٹ روڈ پر گیس پریشر میں کمی اورغیراعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجاً جناح روڈکو ٹریفک کیلئے بند کردیا

جمعہ 27 جنوری 2023 20:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2023ء) کوئٹہ کے علاقے اسٹیورٹ روڈ پر گیس پریشر میں کمی اورغیراعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجاً جناح روڈکو ٹریفک کیلئے بند کردیا اور سوئی سدرن گیس کمپنی حکام کے خلاف شدید نعرے بازی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے اسٹیورٹ روڈ اور گردونواح میں گیس پریشر میں کمی اور غیر اعلانیہ گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاجاً جناح روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا اور سوئی سدرن گیس کمپنی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے محمد ارشد اوردیگر نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں ان دنوں سخت ترین سردی پڑ رہی ہے اورگیس نہ ہونے کی وجہ سے بوڑھے ،بچے اور خواتین بیمارہورہے ہیں اور خواتین کو کھانا بنانے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک طر ف شہر میں گیس نہیں آرہی ہے تو دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کی طرف سے شہریوں کو بھاری بل بھجوائے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات کے باوجود سوئی سدرن گیس کمپنی نے شہر میں گیس پریشر کا مسئلہ حل نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے شہری ذہنی مریض بن چکے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کوئٹہ شہر اورخاص کر اسٹیورٹ روڈ گیس پریشر کو بحال کیا جائے بصورت دیگر ہم سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے گھیراؤ سمیت سخت احتجاج پرمجبور ہونگے جس کی تمام ترذمہ داری سوئی سدرن گیس حکام پرہوگی۔