گیس کی عدم فراہمی ،پریشر میں شدید کمی ،لوڈشیڈنگ کیخلاف گیس کمپنی کے ہیڈ آفس کے سامنے 31 جنوری کو احتجاجی مظاہرہ کیا جائیگا،نصراللہ زیرے

جمعہ 27 جنوری 2023 20:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2023ء) پشتونخوا ملی عوامی عوامی پارٹی اپنے نظریات پر کاربند رہتے ہوئے عوامی مسائل کے حل اور حالیہ مہنگائی بیروزگاری کیخلاف اور بنیادی ضروریات جس میں گیس بجلی شامل ہیں کی فراہمی کیلیے ہر ممکن جدوجہد کریگی۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی افغانیہ خروٹ آباد کی علاقائی کانفرنس میں کیا جس کی صدارت پارٹی کے صوبائی صدر و ممبر صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے کی۔

اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سینئر سیکریٹری قادر آغا ایڈوکیٹ، مرکزی مالیات سیکریٹری یوسف خان کاکڑ ، صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز رزاق خان بڑیچ، عید محمد موسی خیل، عبیداللہ توخی اور نو منتخب علاقائی سیکریٹری اکبر کلیوال نے بھی خطاب کیااور صوبائی ایگزیکیٹیوز کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سٹیج سیکریٹری کے فرائض صوبائی ڈپٹی سیکریٹری علی ترین نے سرانجام دیئے۔

تلاوت کلام پاک کی سعادت صادق خان نے حاصل کی۔ کانفرنس میں علاقائی سیکریٹری اکبر کلیوال نے گزشتہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی۔ نئے انتخابات عمل میں لائے گئے جس کے مطابق علاقائی سیکریٹری اکبر کلیوال، سینئر معاون سیکریٹری فرید بریال، علاقائی معاونین اسد افغان، سمیع ا للہ کاکڑ، آصف خروٹی، خان محمد افغان، موسی خان خروٹی، نیاز خروٹی، صادق خان کاکڑ، جمعہ خان بادیزئی، گل محمد افغان، عرفات کاکڑ ، مجید افغان، ظاہر شاہ منتخب ہوئے۔

نومنتخب علاقائی ایگزیکیٹیوز سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری مالیات یوسف خان کاکڑ نے حلف لیا۔کانفرس کے کھلے اجلاس سے پارٹی رہنماوں نے خطاب کرتے ہوئے کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر پارٹی کارکنوں کو دلی مبارکباد پیش کی اورکہا کہ پشتونخوا میپ گزشتہ ۹۰ سال سے پشتون قومی سیاسی تحریک میں صف اول کا کردار ادا کرتے ہوئے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی سے لیکر ملی شہید عثمان خان کاکڑ تک اپنے نظریات ، سیاسی بیانیے اور آئین پر کاربند رہتے ہوئے جدوجہد کر رہی ہے۔

پارٹی نے ملک میں غیور پشتون افغان ملت کے حقوق، قومی وحدت اور قومی وسائل پر کنٹرول حاصل کرنے اور جمہوریت اوروفاقی پارلیمانی نظام کے لیے شب وروز جدوجہد کررہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ ملک میں اس وقت بد ترین مہنگائی ، بیروزگاری اور بدامنی کا دور دورہ ہے۔ گیس بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، گیس پریشر میں کمی نے عوام کو اذیت ناک صورتحال سے دوچار کیا ہے اور کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ۲۰ سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ گیس کی عدم فراہمی ،پریشر میں شدید کمی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس کراچی کے سامنے 31 جنوری جبکہ کوئٹہ میں سمنگلی روڈ مین آفس کے سامنے 2 فروری بروز جمعرات صبح 11 بجے احتجاجی مظاہرے ہونگے۔ پارٹی کارکنوں کو ہدایت اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان مظاہروں میں بھر پور شرکت کریں۔