تعلیمی ادارے ہماری زندگی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

سندھ حکومت کم وسائل کے باعث تعلیم سے محروم تمام ہونہار طلبا تک رسائی ممکن بنانے کیلئے کوشاں ہے

جمعہ 27 جنوری 2023 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2023ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے ہماری زندگی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اس لیے ہمیں اپنے فارغ التحصل اور مستحق طلبا کی ترقی اور مالی معاونت کیلئے مدد کرنی چاہیے، سندھ حکومت کم وسائل کے باعث تعلیم سے محروم تمام ہونہار طلبا تک رسائی ممکن بنانے کیلئے کوشاں ہے ۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو مقامی ہوٹل میں NED یونیورسٹی کی جانب سے اپنے [NED] یونیورسٹی کے مستحق طلبا کو اسکالرشپ دینے کیلئے منعقدہ "ماں جی" اسکالرشپ کی پہلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں وائس چانسلر این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش لودھی، NEDIAN ایسوسی ایشن کے عہدیداران، انجینئر آفتاب رضوی، طلبا و والدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے خطاب کے آغاز میں اپنے ماضی میں این ای ڈی میں داخلہ لینے کو کو یاد کیا ۔

انہوں نے کہا میرے کالج کے چند ہم جماعتوں کے علاوہ یونیورسٹی میں میرا کوئی دوست نہیں تھا لیکن پھر میں نے بہت سے دوست بنائے جو میرے بھائیوں کی طرح ہیں اور خاندان کے افراد کا حصہ بن گئے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ میں نے امریکہ میں اپنے ڈبل ماسٹرز کیلئے دو اسکالرشپ جیتے ہیں اور الحمدللہ میں نے دونوں اسکالرشپس واپس کر دی تاکہ کوئی اور مستحق طالب علم ان سے مستفید ہوسکے۔

وزیراعلی نے کہا کہ انھوں نے ''قرضے حسنہ'' (تعلیم کیلئے قرض) بھی لیا جسے بعد میں چکا بھی تھا۔ تقریب سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ 2022 میں قائم کی گئی ماں جی اسکالرشپس کو شروع کرنے پر خوش ہیں، مجھے یقین ہے کہ معزز مہمان سوچ رہے ہوں گے کہ اس اسکالرشپ پروگرام کا نام ماں جی کیوں رکھا گیا ہی انہوں نے سوال کے بعد جواب دیا کہ اس پروگرام کے ذریعے NED اور NEDIAN کا مقصد ان ماں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنا ہے جو نامور NED یونیورسٹی میں اپنے بچوں کی تعلیم کے متحمل نہیں ہیں۔

وزیراعلی نے کہا کہ اسکالرشپ کیلئے انڈومنٹ فنڈ کا مطلب صرف مستحق طلبا کی مالی مدد نہیں بلکہ یہ ماں، ان کے بچوں اور یونیورسٹی/انسٹی ٹیوشن کے درمیان تعلق استوار کرنا ہے۔ مراد شاہ نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کی پیدائش سے ہی ان کیلئے شاندار کیریئر کا خواب دیکھتی ہیں ۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ جیسے جیسے ان کے بچے بڑے ہوتے ہیں تو وسائل کے چیلنجز اور تعلیمی لاگت ان ماں کے خوابوں کے درمیان رخنہ بنتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسکالرشپ پروگرام کے قیام سے NED، NEDIAN اور ڈونرز نے نہ صرف ماں کے خوابوں کو پورا کیا ہے بلکہ اپنے بچوں کو NED میں تعلیم دلانے کیلئے پرعزم کیا۔ وزیراعلی نے NED یونیورسٹی کی انتظامیہ، فارغ التحصیل طلبا اور ڈونرزکو 70 ملین روپے کی سیڈ منی سے فنڈ کے قیام کے قابل تحسین اقدام پر مبارکباد پیش کی ۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ NED نے اس فنڈ سے NEDUET کے 105 مستحق طلبا میں سالانہ ایک لاکھ روپے فی طالب علم کے وظائف تقسیم کیے ہیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ فنڈز کے ناظمین کے پاس فنڈ کو 500 ملین روپے تک بڑھانے کا منصوبہ ہے تو پھر اس طرح ہر سال یونیورسٹی میں 750 سے زائد مستحق طلبا کو وظائف دیے جائیں گے۔