ملکی معاشی صورتحال تشویشناک ہے

ریونیو میں شارٹ فال آرہا ہے کیونکہ امپورٹ میں کمی واقع ہوئی ہے، چیئرمین ایف بی آر کا انکشاف

muhammad ali محمد علی ہفتہ 28 جنوری 2023 00:50

ملکی معاشی صورتحال تشویشناک ہے
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2023ء) چئیرمین ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس محصولات میں کمی آنے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین عاصم احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کی اس وقت جو معاشی صورتحال ہے وہ بہت تشویشناک ہے ریونیو میں شارٹ فال آرہا ہے کیونکہ امپورٹ میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن ان سب کے باوجود یہ ہمارا عزم ہے کہ 7.470 ٹریلین کا جو سالانہ ٹارگٹ ہے اس کو ہم پورا کریں گے۔

پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے بتایا پوری دنیا جب ترقی کر کے آگے گئی ہے تو وہ آٹومیشن اور ڈیٹا شیئرنگ جیسے اقدامات کی بدولت ہی آگے گئی ہے ، کسٹم اور ان لینڈ ریونیو میں جو ٹیکس گیپ ہے بہت کم عرصے میں انہیں کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے ہمارے انحصار بالواسطہ ٹیکس پر تھا یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ ہمارے براہ راست ٹیکس کی وصولی وہ بالواسطہ سے زیادہ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کے ڈالر کا ریٹ اوپر جارہا ہے اس کے کئی ایک عوامل ہیں بہرحال اس حوالے سے کسٹم کی جو اپنی ذمہ داری ہے وہ ہم پورے طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔ ڈالر بیرون ملک لے جانے کی حد پہلے دس ہزار تھی وہ اسٹیٹ بینک نے کم کرکے5 ہزار کردی ہے اور حکومت اس بارے میں اتنی سنجیدہ ہے کہ وزیراعظم ہر ہفتے ہم سے پوچھتے رہتے ہیں کہ ڈالر کی جو سمگلنگ ہو رہی تھے اس میں کتنی کمی واقع ہوئی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا یہ طورخم بارڈر ہفتے کے ساتویں دن 24 گھنٹے کھلا رہتا ہے اس کے علاوہ جو دیگر بارڈرز ہیں اس کو بھی ہم ہفتے کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے کھول سکتے ہیں، ہماری طرف سے کوئی ایشو نہیں ہے۔