سعودیہ میں غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پاکستانی خاتون گرفتار

غیراخلاقی حرکات کی نشاندہی پر پاکستانی خاتون کے ساتھ 6 مقامی شہریوں کو بھی گرفتار کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جنوری 2023 10:47

سعودیہ میں غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پاکستانی خاتون گرفتار
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2023ء ) سعودی عرب میں غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث پاکستانی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی عرب کی جدہ گورنری میں پولیس نے 7 افراد کو غیراخلاقی اور غیر شائستہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور اخلاقی ضوابط کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا ہے۔ اس حوالے سے جنرل سکیورٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ گرفتار ہونے والے 6 مقامی شہری اور ایک پاکستانی خاتون شامل ہے، ملزمان کے بارے میں غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی شکایات موصول ہوئی تھیں، جس کی بناء پر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں انہیں گرفتار کرکے پبلک پراسیکیوٹر کے سامنے پیش کر دیا گیا۔

گزشتہ ماہ سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں مسجدا لحرام کے قریب 5 سالہ بچی کے اغواء کے الزام میں پاکستانی خاتون کو بھی گرفتار کیا گیا، برمی قومیت کی 5 سالہ بچی کے لاپتہ ہونے کے بعد سکیورٹی سروسز نے اسے شہر میں ایک عوامی مقام پر صحت مند حالت میں بازیاب کرالیا۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے مکہ مکرمہ پولیس نے کہا کہ 5 سالہ بچی رتيل اسعد کی گمشدگی کے واقعے میں ایک پاکستانی خاتون ملوث تھی، اس پاکستانی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور اس کے خلاف قانونی اقدامات کرکے اسے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

بتایا گیا کہ ر تیل اسعد 29 اکتوبر کو رات ساڑھے 11 بجے الشوقیہ کی سڑک سے غائب ہوگئی تھی، جس پر سکیورٹی فورسز نے اس کی تلاش شروع کردی اور آخر کار اسے ڈھونڈنے میں کامیاب ہو گئیں، اس سلسلے میں بچی کی والدہ نے کہا کہ رتیل اسعد کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا جنہوں نے اغواء کے مقصد سے اس کے بال کاٹ دیے اور اس کا حلیہ بھی تبدیل کر دیا۔ علاوہ ازیں سعودی عرب میں نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ میں ملوث 2 پاکستانیوں سمیت 6 غیرملکیوں اور 3 سعودی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا، نارکوٹکس کنٹرول کے جنرل ڈائریکٹوریٹ کے سرکاری ترجمان میجر محمد النجیدی نے بتایا ہے کہ مملکت اور اس کے نوجوانوں کی سلامتی کو نشانہ بنانے والے منشیات کی سمگلنگ اور فروغ کے نیٹ ورکس کا پردہ چاک کرتے ہوئے سلطنت عمان میں ہم منصب ایجنسی کے تعاون سے نشہ آور ایمفیٹامین کی 19 لاکھ 35 ہزار985 گولیاں اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ریاض میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا ، جہاں عمل میں لائی گئی اس کارروائی کے نتیجے میں نشہ آور گولیوں کی اس بھاری کھیپ کے وصول کنندگان 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں 3 شہری، ایک خلیجی شہری، شامی شہریت کا ایک رہائشی، بنگلہ دیشی شہریت کے 2 باشندے اور پاکستانی شہریت کے 2 باشندے شامل ہیں۔ میجر محمد النجیدی نے بتایا کہ لوہے کی مشینری کی کھیپ کے اندر چھپائی گئی ایمفیٹامین کی 19 لاکھ 35 ہزار985 نشہ آور گولیاں کی اسمگلنگ میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف ابتدائی قانونی کارروائی کرکے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا گیا۔