رواں برس عازمین حج کو سستی رہائش ملنا ممکن ہوگیا

سعودی شہریوں کو عازمین حج کے لیے اپنے رہائشی یونٹ کرائے پر دینے کی اجازت مل گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جنوری 2023 13:29

رواں برس عازمین حج کو سستی رہائش ملنا ممکن ہوگیا
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2023ء ) سعودی شہریوں کو عازمین حج کے لیے اپنے رہائشی یونٹ کرائے پر دینے کی اجازت مل گئی جس کے تحت عازمین حج کو سستی رہائش ملنا ممکن ہوگیا۔ گلف نیوز کے مطابق سعودی شہری اب عازمین حج کو اپنے رہائشی یونٹ کرائے پر سے سکتے ہیں، اس حوالے سے مکہ میں حاجیوں کی ہاؤسنگ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ اس نے عازمین حج کی رہائش کے لیے رہائشی یونٹس کرائے پر دینے کے لیے شہریوں کی درخواستوں کو قبول کرنا شروع کر دیا ہے، کمیٹی نے رہائشی یونٹوں کے مالکان پر زور دیا جو انہیں کرائے پر دینا چاہتے ہیں کہ وہ اجازت نامے کے حصول کے لیے ضروری طریقہ کار کو مکمل کرنے کے لیے نامزد انجینئرنگ دفاتر سے رابطہ کریں۔

مکہ مکرمہ کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسے درخواستیں موصول ہورہی ہیں، میئرلٹی اور سول ڈیفنس کے ذریعہ منظور شدہ انجینئرنگ کنسلٹنگ دفاتر ہاؤسنگ یونٹوں کا معائنہ کریں گے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ضوابط پر پورا اترتے ہیں، جس پر انہیں 'فٹنس سرٹیفکیٹ' جاری کیا جائے گا، جس کی بنیاد پر حاجیوں کی ہاؤسنگ کمیٹی یونٹس کے لیے اجازت نامے جاری کرے گی۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ تعمیراتی ضوابط کے تحت تمام ضروری حفاظتی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اجازت نامے کے حصول اور عمارت کے مالکان سے متعلق معلومات کے لیے رابطہ کریں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے رواں ماہ ایک ضمنی قانون جاری کیا جس میں اپنے شہریوں کو نجی مہمان نوازی کی صنعت کو فروغ دینے کے لیے اپنے رہائشی یونٹس سیاحوں کو کرائے پر دینے کی اجازت دی گئی ہے، وزیر سیاحت احمد الخطیب کی طرف سے منظور شدہ نجی سیاحت کی مہمان نوازی کے ضمنی قانون میں کہا گیا ہے کہ سعودی شہری اپنے رہائشی یونٹوں کو سیاحوں کو فیس کے عوض کرائے پر دینے کا اجازت نامہ حاصل کر سکتے ہیں۔

معلوم ہوا ہے کہ نئے اصول کے تحت نجی سیاحوں کی مہمان نوازی کی سہولت رہائشی یا زرعی استعمال کے لیے مخصوص جائیداد کا حصہ ہونی چاہیے، ایک جائیداد میں ایک شخص کو جاری کردہ اجازت نامے تین سے زیادہ نہیں ہوں گے، اجازت نامے کے لیے درخواست دینے والے شہریوں کو جن شرائط کو پورا کرنا ضروری ہے ان میں الیکٹرانک ٹائٹل ڈیڈ یا الیکٹرانک لیز کنٹریکٹ جمع کرانا شامل ہے جو اجازت نامہ سے متعلق ملکیت کے حق یا استعمال کو ثابت کرتا ہے۔