Live Updates

پاک سر زمین شاد باد،مریم نواز کا وطن واپس پہنچنے پر بیان

چار ماہ والد کے ساتھ سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے کا موقع ملا،عمران خان اور حواریوں کے ساتھ جو ہو گا وہ مکافات عمل ہو گا،چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن

Abdul Jabbar عبدالجبار ہفتہ 28 جنوری 2023 15:54

پاک سر زمین شاد باد،مریم نواز کا وطن واپس پہنچنے پر بیان
لاہور (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 28 جنوری 2022ء) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز ابو ظہبی سے لاہور پہنچ گئیں،مریم نواز پی آئی اے کی پرواز پی کے 264 کے ذریعے لاہور پہنچیں۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز لندن سے براستہ امارات لاہور پہنچ گئی ہیں،ڈاکٹر عدنان اور دیگر لیگی رہنما بھی مریم نواز کے ہمراہ لاہور پہنچے۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے مریم نواز کا لاہور ائیر پورٹ پر استقبال کیا جبکہ چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کے استقبال کیلئے لاہور کے مختلف علاقوں میں خیر مقدمی بینرز آویزاں بھی کیے گئے ہیں۔

مریم نواز نے وطن پہنچنے پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ پاک سرزمین شاد باد‘‘۔
مریم نواز نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف وطن واپسی کیلئے تیاری کر رہے ہیں،میں کسی کی سزا پر خوش نہیں ہوں۔

(جاری ہے)

مفتاح اسماعیل سے متعلق گفتگو نہیں کرنا چاہوں گی جبکہ شاہدخاقان عباسی کی پارٹی اور نوازشریف سے وابستگی پر کوئی سوال نہیں اٹھا سکتا۔

نوجوانوں کو ن لیگ میں لانا چاہتی ہوں اور مسلم لیگ ن کو مضبوط کرنا چاہتی ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے اہم ذمہ داریاں دی ہیں،ماضی کی طرف دیکھتی ہوں تو خوف آتا ہے کہ کس انتقام کا نشانہ بنایا گیا،4 ماہ والد کے ساتھ سیاسی حکمت عملی مرتب کرنے کا موقع ملا۔ انکا کہنا تھا کہ پیر سے رمضان تک مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ شیڈول لیکر آئی ہوں،عمران خان اور حواریوں کے ساتھ جو ہوگا وہ مکافات عمل ہوگا۔

پارٹی کو نئی سمت دیں گے اور نوجوانوں کو آگے لائیں گے۔شاہد خاقان نے کہا پارٹی نہیں چھوڑ سکتا،جاؤں گا تو گھرجاؤں گا،پارٹی میں اختلافات چلتے رہتے ہیں۔ قبل ازیں لندن سے واپسی پر ابوظہبی ائیرپورٹ پر مریم نواز کا لیگی کارکنان کی جانب سے استقبال کیا گیا۔مریم نواز کو ابوظہبی ائیرپورٹ پر لیگی کارکن نے سونے کا تاج پہنایا۔تاج میں مریم نواز کے ساتھ ان کے والد اور والدہ کی تصویر لگائی گئیں۔

دوسری جانب چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز کا وطن واپسی کے فوری بعد ہی سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مریم نواز 5 فروری کو ملتان ڈویژن میں ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گی،مریم نواز 6 فروری کو ملتان ڈویژن کے عہدیداروں اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گی۔ اس سلسلے میں وزیر داخلہ اور ن لیگ پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے مقامی تنظیموں کو مراسلہ جاری کر دیا،چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن پنجاب کے ڈویژنل ہیڈ کواٹرز پر اجتماعات سے خطاب کریں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات