پاک قطر تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور

وزیراعظم شہبازشریف سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی کی ملاقات

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 28 جنوری 2023 15:56

پاک قطر تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر زور
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 جنوری 2023ء ) وزیراعطم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے پر روز دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم سے پاکستان میں قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے ملاقات کی ہے، سفیر نے قطر کے امیر کا خیر سگالی کا خصوصی پیغام وزیراعظم کے ساتھ شیئر کیا جب کہ وزیراعظم نے تاریخ کے کامیاب ترین فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی پر قطر کو مبارکباد دی اور تقریب میں فول پروف، بے داغ اور بے عیب سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کے اہم کردار کو سراہا۔

بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور متنوع بنانے کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیراعظم نے اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور افرادی قوت کے شعبوں کو اجاگر کیا، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو یاد کرتے ہوئے دونوں ممالک کی طرف سے ان تعلقات کو ٹھوس اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

چند روز قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قطر میں اپنے ہم منصب علی بن احمد الکواری سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، اس ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی محمد جہانزیب خان اور قطر میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے، دونوں ملکوں کے وزرائے خزانہ کی ملاقات میں تجارت، ٹیکنالوجی، زراعت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات ہیں، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے علی بن احمد الکواری کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی، اس کے علاوہ انہوں نے فیفا ورلڈ کپ کے کامیاب انعقاد پر قطری وزیرخزانہ کو مبارکباد بھی دی۔