پنجاب یونیورسٹی میں طلبا تنظیم اور سکیورٹی اسٹاف میں تصادم کے بعد حالات کشیدہ

طلبا تنظیم کا وی سی آفس کے باہر ٹائر جلا کر احتجاج ،مشتعل طلبا کا پولیس اہلکاروں پر بھی تشدد ، اہلکاروں کا لاٹھی چارج دونوں فریقین نے ایف آئی آر درج کروادی ،یونیورسٹی انتظامیہ نے استاد، طالبعلم کے مابین جھگڑے کے معاملہ پر دو رکنی کمیٹی قائم

ہفتہ 28 جنوری 2023 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2023ء) پنجاب یونیورسٹی میں احتجاجی طلبا اور سکیورٹی اسٹاف کے درمیان ہونے والے تصادم کے بعد صورت حال کشیدہ ہوگئی،پولیس کی بھاری نفری صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے موقع پر پہنچ گئی ،مشتعل طلباء کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پولیس نے احتجاجی طلبا کو منتشر کرنے کے لیے بھرپور لاٹھی چارج کیا اور انہیں وی سی آفس کے سامنے سے منتشر کردیا۔

ترجمان پنجاب یونیورسٹی کے مطابق جھگڑا طالب علم کے تیز رفتاری سے موٹر بائیک چلانے پر نیو کیمپس لاہور میں ہوا۔پروفیسر منور صابر کے منع کرنے پر پہلے تلخ کلامی ہوئی، پھر بات ہاتھا پائی تک جاپہنچی۔طالب علم نے اپنی تنظیم کے اراکین نے وائس چانسلر ہائوس کے باہر بلا کر ہلڑبازی شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

طلبا تنظیم نے وائس چانسلر کے دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ٹائر نذر آتش کیے جس پر انہیں سکیورٹی اسٹاف نے منتشر کرنے کی کوشش کی تو تصادم ہوگیا۔

تصادم کے بعد مشتعل طلبا نے ہنگامہ آرائی کی جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو طلب کیا گیا، پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو طلبا تنظیم کے کارکنوں نے اہلکاروں پر بھی تشدد کیا۔بعد ازاں پولیس نے احتجاجی طلبا کو منتشر کرنے کے لیے بھرپور لاٹھی چارج کیا اور انہیں وی سی آفس کے سامنے سے منتشر کردیا۔ اس دوران احتجاجی مظاہرین اور پولیس اہلکاروں نے جلتے ہوئے ٹائر ایک دوسرے پر بھی پھینکے۔

بعد ازاں ایس پی اقبال ٹائون مزید نفری کے ساتھ یونیورسٹی پہنچے اور صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کر دیا۔ پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں پر حملہ کرنے والی تنظیم کے مشتعل کارکنان کے خلاف قانونی کارروائی اور معاملہ کو پر امن رکھنے کی کوشش جاری ہے۔جبکہ تنظیم کے طلبا کا الزام ہے کہ ان کے متعدد ساتھی طلبا پر تشدد کیا گیا ہے ۔

جب تک ہمارے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جائیگا پر امن احتجاج جاری رکھیں گے۔یونیورسٹی میں طلبا تنظیم کے رکن اور پروفیسر کے درمیان ہونے والے جھگڑے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔دونوں فریقین نے واقعہ کی ایف آئی آر درج کروادی ۔یونیورسٹی انتظامیہ کی درخواست پر پروفیسر اور سکیورٹی گارڈز سے جھگڑا کرنے والے طلبہ تنظیم کے اراکین کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔

ترجمان یونیورسٹی کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے استاد اور طالبعلم کے مابین جھگڑے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے دو رکنی کمیٹی قائم کر دی۔ پنجاب یونیورسٹی کے سینئر ترین پروفیسراور ؑڈین فیکلٹی آف لائف سائنسز ڈاکٹر جاوید اقبال قاضی کمیٹی کے سربراہ جبکہ ڈین فیکلٹی آف کوالٹی اینڈ انڈسٹریل سسٹمز انجینئرنگ ڈاکٹر محمد شفیق کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔ کمیٹی تین روز میں واقعہ کی تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں استاد یا طالبعلم کے حوالے سے قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔