بھارت ،بی بی سی کی دستاویزی فلم پر تنازعہ بڑھتا جا رہا ہے ،نئی دلی یونیورسٹی میں ہنگامہ ، 24طلباء گرفتار

ہفتہ 28 جنوری 2023 18:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2023ء) گجرات مسلم کش فسادا ت پر بنی بی بی بی سی کی دستاویزی فلم پر بھارت میں تنازعہ بڑھنے لگا، نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے بعد اب دہلی یونیورسٹی میں بھی فلم کی نمائش کے حوالے سے ہنگامہ نہ ر ک سکا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دہلی یونیورسٹی میں آرٹس فیکلٹی کے باہر ہنگامہ آرائی ہوئی اور پولیس نے دو درجن سے زائد طلباء کو حراست میں لے لیا۔

(جاری ہے)

طلبہ تنظیموں کی طرف سے فیکلٹی آف آرٹس میں دستاویزی فلم کی نمائش کے علان کے بعد اب یونیورسٹی میں دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم ’’این ایس یو آئی ‘‘نے یونیورسٹی میں فلم دکھانے کا اعلان کیا تھا ۔ آرٹس فیکلٹی کے باہر پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کی گئی ہے ۔ 2002میں گجرات مسلم کش فسادات میں ہندو بلوائیوں نے ہزاروں مسلمان شہید کر دیے تھے ۔ نریندر مودی اس وقت گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے۔ بی بی سی سے اپنی دستاویزی فلم میں نریندر مودی کو ان فسادات کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا ہے۔