ہارٹیکلچرپراڈکٹس کے فروغ کیلئےدو روزہ کھاد میلہ و پاکستان ہارٹی ایکسپوکا افتتاح

ہفتہ 28 جنوری 2023 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 جنوری2023ء) سیکرٹری زراعت پنجاب احمد عزیز تارڑ نے محکمہ زراعت کے زیرِ اہتمام ہارٹیکلچرپراڈکٹس کے فروغ کیلئے منعقدہ کھاد میلہ و پاکستان ہارٹی ایکسپو 2023 کا افتتاح کر دیا۔ اس بین الاقوامی نمائش میں 9ممالک(سعودی عرب،موریشیش،سری لنکا،جنوبی افریقہ،کینیا،بحرین،تاجکستان،قازقستان اور روس) کے 45 وفود اور امپورٹرزو ایکسپورٹرز شریک ہیں اور ملکی و بین الاقوامی اداروں کی طرف سے 100 سے زائد سٹالز ایکسپو سینٹر جوہر ٹاون لاہور میں لگائے گئے ہیں جن میں ہارٹیکلچرل پراڈکٹس اور ٹیکنالوجی کی نمائش کی گئی ہے۔

اس موقع پرسیکرٹری زراعت پنجاب احمد عزیز تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زرعی شعبہ اور کاشتکاروں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب بین الاقوامی زرعی نمائشوں کے ذریعے ملکی و غیر ملکی کاشتکاروں اور برآمد کنندگان کو پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے تاکہ باہمی تجربات اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کر کے پھلوں، سبزیوں اور دیگر مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔

اس بین الاقوامی زرعی نمائش کے ذریعے پاکستانی برآمد کنندگان کیلئے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی آسان ہو گی اور ملک کیلئے زرِ مبادلہ حاصل کیا جا سکے گا۔حکومت پنجاب معیاری پھلوں اور سبزیوں کی پیداوار میں اضافہ اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات برھانے کے لئے سہولتیں اور ترغیبات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس نمائش میں ملکی و غیر ملکی صنعت کاروں، کاشتکاروں، درآمد و برآمد کنندگان کی غیر معمولی دلچسپی سامنے آئی ہے۔

پاکستان ہارٹی ایکسپو کے انعقاد سے دنیابھر کو پاکستان کے شعبہ زراعت کے متعلق آگاہی حاصل ہو گی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب فیصل ظہور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ایسی نمائش کے انعقاد سے کاشتکاروں،ملکی و بین الاقوامی کمپنیوں، پروسیسرز،درآمدو برآمد کنندگان کیلئے رابطہ کاری آسان ہو جاتی ہے۔ جنوبی پنجاب میں بھی ایسی نمائشوں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے جس سے زرعی برآمدات میں اضافہ کیا جا سکے۔

اس بین الاقوامی نمائش کے ذریعے پاکستانی زرعی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پرادارہ زرخیزی زمین پنجاب کی طرف سے تیار کردہ موبائل ایپ کھاد حساب کا سیکرٹری زراعت پنجاب احمد عزیز تارڑ نے باقاعدہ افتتاح بھی کیا ۔موبائل ایپ کھاد حساب کے ذریعے کاشتکار اپنے بجٹ کے مطابق نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش کھادوں کے متوازن استعمال کے لئے راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں جس سے فصلات کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ اور پیداواری لاگت میں کمی واقع ہو گی۔

اس بین الاقوامی نمائش میں 2 ہزار سے زائدکاشتکاروں، امپورٹرز و ایکسپورٹرز نے شرکت کی جن کو سبزیات اور پھلوں کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی دینے کیلئے خصوصی انٹرنیشنل سیمینار کا اہتمام بھی کیا گیا۔کھاد میلہ و پاکستان ہارٹی ایکسپو2023کل تک جاری رہے گی۔