کاشتکاروں کو بھنڈی کی کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت

اتوار 29 جنوری 2023 14:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2023ء) کاشتکاروں کو بھنڈی کی کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت اور سبز پری نامی قسم کاشت کرنے کی سفارش کی گئی ہے تاکہ کاشتکارمذکورہ مشہور قسم کی کاشت سے اچھی پیداوار حاصل کرسکیں نیز بھنڈی توری کی بوائی کیلئے اچھے اگاؤ والا 10 سے 12 کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کرنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے جس سے بمپر کراپ یقینی ہو سکتی ہے۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ ا گر کاشت کے وقت مطلع ابر آلود اوردرجہ حرارت20ڈگری سینٹی گریڈسے کم ہو تو بھنڈی توری کی کاشت نہ کی جائے کیونکہ اس سے بیج کااگاؤ متاثر ہوسکتاہے تاہم بیج کے بہترین اگاؤ اور بڑھوتری کیلئے درجہ حرارت 20 سے30ڈگری سینٹی گریڈ ہونا موزوں ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بھنڈی توری کی فصل سال میں 2مرتبہ فروری مارچ اور جون جولائی میں کاشت کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ فروری مارچ میں کاشتہ فصل سے پیداوار اگست ستمبر تک جبکہ جولائی اگست میں کاشتہ فصل سے پیداوار اکتوبر نومبر میں حاصل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار تیار شدہ زمین میں 75 سینٹی میٹر کے فاصلے پر پٹڑیاں بنا کر اس کے دونوں طرف دو سینٹی میٹر گہری لکیریں نکال لیں اور بیج کا کیرا کریں۔انہوں نے کہاکہ 22 سینٹی میٹرکے فاصلے پر تین سے چار بیجوں کو چوکاکرکے بھی لگایاجاسکتاہے۔