اقلیتی ہیریٹج فوٹو مقابلہ، حصہ لینے کی آخری تاریخ 31 جنوری مقرر، پاکستان ہندو کونسل

اتوار 29 جنوری 2023 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2023ء) پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں غیر مسلم اقلیتوں کے مذہبی تاریخی مقامات کا کھوج لگانے کے لیے آل پاکستان مینارٹیز ہیریٹج فوٹو کونٹیسٹ میں حصہ لینے کی آخری تاریخ 31 جنوری مقرر کی ہے۔ پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ آخری تاریخ کو آگے بڑھانے کیلئے تاحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ پریس نیٹ ورک آف پاکستان کی تکنیکی معاونت سے فوٹو مقابلے میں بہترین تصاویر فراہم کرنے والوں کے اعزاز میں تقسیم انعامات کی تقریب فروری کے وسط میں ایچ ای سی آڈیٹوریم اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، آئندہ چند روز میں باہمی مشاورت کے بعد تقریب کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رمیش کمار نے مزید کہا کہ اپنی نوعیت کے منفرد فوٹو مقابلے کا مقصد ملک بھر کی اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا، قومی یکجہتی اور مذہبی رواداری کو فروغ دینا ہے، فوٹو مقابلے کو توقع سے بڑھ کر پذیرائی ملی ہے۔

ملک بھر کی سرکاری و نجی یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے تصویری مقابلے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ انہوں نے ہائر ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی خصوصی دلچسپی کے باعث اعلیٰ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی اس مقابلے میں بھرپور شمولیت یقینی ہوئی۔ ڈاکٹر رمیش نے واضح کیا کہ پاکستان کا ہر شہری فوٹو مقابلے میں حصہ لینے کا اہل ہےاور آل پاکستان مینارٹیز ہیریٹج فوٹو مقابلے میں حصہ لینے کی آخری تاریخ 31 جنوری مقرر ہے جس کو آگے نہیں بڑھایا جارہا۔