Live Updates

عمران اور حواریوں کا رویہ سیاسی نہیں،میر علی حسن زہری

قوم جان چکی فتنہ خان نے اقتدار کی خاطر معاشرے کو تقسیم کرنے کیلئے کس طرح نفرت کی سیاست کا سہارا لیا ہے، رہنماء پیپلز پارٹی بلوچستان

اتوار 29 جنوری 2023 18:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2023ء) رہنماء پیپلز پارٹی بلوچستان ،میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ سیاسست صبر و تحمل اور رواداری کا نام ہے اور عمران خان اور ان کے حواریوں کا جو رویہ ہے وہ کسی بھی طرح سیاسی نہیں بلکہ انتشار پھیلانے کا سلسلہ ہے جس نے ملک کے معاشی و سیاسی نظام کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سابق صدر اور شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے خلاف بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری سیاست کے اصولوں سے مکمل طور پر واقف ایک بڑا نام ہے اور آصف علی زرداری کے خلاف ذہنی طور پر پسماندہ شخص کے بے بنیاد اور خطرناک الزامات غیر ذمہ دارانہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ فتنہ خان کا سیاسی مخالفین کے خلاف زہر اگلنا کوئی نئی بات نہیں۔

پہلے وہ فوج اور اعلیٰ اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرتے رہے اور اب انہوں نے اپنی بچی کھچی سیاست بچانے کے لئے آصف علی زرداری کے خلاف بے بنیادالزام تراشی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔میر علی حسن زہری کا کہنا تھا کہ ایسی بے ہودہ بیان بازی سیاسی طور پر زندہ رہنے کی ناکام کوشش ہے۔ اب پوری قوم جان چکی ہے کہ فتنہ خان نے اقتدار کی خاطر معاشرے کو تقسیم کرنے کے لیے کس طرح نفرت کی سیاست کا سہارا لیا ہے۔

اب کوئی اس شخص کی باتوں میں نہیں آئے گا جو صرف اپنی ذات تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کا ٹولہ ملک کو برباد کرنے پر تلا ہوا ہے ۔پی ٹی آئی کی قیادت کے اس ملک دشمن اقدامات اور سیاسی مخالفین پر من گھڑت اور بھونڈے الزامات کی وجہ سے ساری دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ عمران خان نامی فتنہ پہلے تو پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلال بھٹو کے خلاف باتیں کر تے رہے لیکن اب براہ راست آصف علی زرداری کا نام لے کر دھمکیاں دے رہے ہیں جو کسی بھی طرح در گزر کرنے والی بات نہیں۔

میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور زرداری خاندان کے خلاف فتنہ خان کے الزامات کے بعد پارٹی اور زرداری خاندان قانونی چارہ جوئی کا مکمل حق رکھتے ہیںاور چیئرمین پی ٹی آئی کے حالیہ خطرناک الزامات کے بعد قانونی پہلو بھی دیکھا جارہا ہے جس کے لئے لائحہ عمل جلد طے کیا جائے گا۔کیونکہ اس سے پہلے بھی عمران خان نامی مخبوط الحواس شخص پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو بندوق کی نوک پر رکھنے جیسے توہین آمیز اور خطرناک دھمکیاں دے چکا ہے اور حالیہ من گھڑت اور بے بنیاد الزامات کے بعد تو اس شخص کے پاگل ہونے کے لئے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ اور حواریوں کے دہشتگردوں سے روابط کا سب کو علم ہے۔ پی ٹی آئی کے دور میں دہشت گردی پروان چڑھی جس کی پشت پناہی فتنہ خان نے کی دہشتگردوں کو رات کے اندھیرے میں رہا کیا گیا جبکہ جمہوریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے درخواست کی کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کرائی جائے اوران الزامات کی مکمل انکوائری کی جائے تاکہ اس منفی اور گھٹیا مہم جوئی کے پس پردیہ چھپے مقاصد ہیں وہ سب کے سامنے آسکیں اور اگر عمران خان ثبوت نہ دیں تو اٴْنہیں سزا ملنی چاہیے۔

میر علی حسن زہری نے کہا کہ سیاست صبر و تحمل کا نام ہے اور عمران خان اور ان کے حواریوں کا جو رویہ ہے وہ کسی بھی طرح سیاسی نہیں بلکہ انتشار پھیلانے کا سلسلہ ہے جس نے ملک کے معاشی و سیاسی نظام کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ انہوں نے اعلیٰ عدلیہ سے اس بارے از خود نوٹس لے اور فتنہ خان اور ان کے حواریوں کو اس طرح کے غیرذمہ دارانہ بیانات دینے سے روکنے کے لئے قانونی کارروائی کی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات