متحدہ عرب امارات میں 3 دن بارشوں کے بعد درجہ حرارت منفی ہوگیا

رواں موسم سرما میں درجہ حرارت پہلی بار کم ترین سطح پر آ گیا کئی علاقوں میں یہ 1.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 29 جنوری 2023 20:16

متحدہ عرب امارات میں 3 دن بارشوں کے بعد درجہ حرارت منفی ہوگیا
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جنوری 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں تین دن سے ہونے والی مسلسل بارشوں کے بعد درجہ حرارت کم ترین سطح پر آگیا جب کہ کچھ علاقوں میں منفی بھی ریکارڈ کیا گیا۔ جب کہ پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں درجہ حرارت نکتہ انجماد کو چھو گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں ایک پہاڑی علاقے کے تالاب کو جما ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔

شارجہ کے اس تالاب کو دیکھنے کے لیے سیاح بڑی تعداد میں پہنچ گئے۔ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں نثار احمد کونالور نے لکھا کہ پہاڑی سڑک پر 8.5 کلومیٹر کا سفر کرتے ہوئے ایک جمے ہوئے تالاب پر پہنچے ہیں۔ ساتھ میں اہل خانہ بھی ہے اور ہم نے بمشکل چائے بنائی۔ خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ابوظہبی کے ایک صحرا کو سفید چادر نے ڈھانپ لیا تھا جب کہ شہروں میں مسلسل تین دن سے بارش ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

118 ملی میٹر بارش سے موسم مزید سرد ہوگیا۔ نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی نے پیشن گوئی کی ہے کہ آج صبح موسم صاف ہوگیا۔ اگلے پانچ دنوں تک بارش کا امکان نہیں تاہم موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا البتہ 31 جنوری کو درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارت میں اس ہفتے کے دوران شدید بارش کے دوران پیش آنے والے حادثات اور ایمر جنسی کے واقعات کے سلسلے میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران دبئی پولیس نے 16610 ایمر جنسی کالز پر ریسپانس کر کے شہریوں کی مدد کی ہے۔

یہ ایمر جنسی کالز بدھ کی دوپہر بارہ بجے سےجمعرات کی دوپہر بارہ بجے کے درمیان موصول ہوئیں۔ بارش متاثرہ شہریوں اور حادثات کا شکار ہونے والوں نے اس سلسلے میں 999 پر 15286 کالز کر کے پولیس کی مدد چاہی جبکہ 1324 کالز براہ راست پولیس کی ہیلپ لائن 901 پر موصول ہوئیں۔ دبئی پولیس میں کمانڈ ایند کنٹرول سنٹر کے قائم مقام ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل بلال طایر نے کہا ہے شدید طوفانی بارش کے دوران پولیس شہریوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہی۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں دبئی پولیس شہریوں کی کال پر حاضر ہو گی۔ تاہم انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی مصروفیات اور سفر پر نکلنے کے لیے موسم کے 'اپ ڈیٹس' سے آگاہی کا اہتمام کریں۔