آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن اور قرضوں کی معیشت نے عوام کو بدحال اور ملک کو تباہی کے دہانی پر پہنچا دیا ہے، حسین محنتی

اتوار 29 جنوری 2023 20:55

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2023ء) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی ڈکٹیشن اور قرضوں کی معیشت نے عوام کو بدحال اور ملک کو تباہی کے دہانی پر پہنچا دیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ عوام پر ظلم اور زندہ رہنے کا حق بھی چھیننے کے مترادف ہے، ملکی خسارے کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے حکمراں ٹولا اپنی عیاشی ختم اور سادگی و کفایت شعاری کی پالیسی اپنا کر ملک کو مزید بحران سے بچائے، سودی معیشت کے خاتمے اور اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی تمام مسائل کا حل ہے، انتخابات میں ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، میدان میں اترنا اور ڈٹ کر کھڑا رہنا بہت بڑا کام ہے۔

وہ حیدرآباد میں ذمہ داروں اور بلدیاتی امیدواروں کے جائزہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، امیر ضلع عقیل احمد خان، قیم عدنان دانش،نائب امیر عبدالقیوم شیخ، نائب قیم صوبہ حافظ طاہر مجید اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنہ و دیگر بھی ساتھ موجود تھے۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے صوبہ نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہر کھیل میں ہار سے ہی جیت کا راستہ بنتا ہے، ہار جیت اس کھیل کا حصہ ہے جیتنے سے پھول اور اللہ کو بھولنا نہیں چاہئے بلکہ اللہ کے انعامات کا شکر و عاجزی اختیار کرنی چاہئے۔

انہوں نے ذمہ داروں پر زور دیا کہ وہ رابطہ عوام مہم کو تیز کر کے ان تک جماعت اسلامی کی دعوت و پیغام کو عام کریں۔دریں اثنا صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مقامی شادی ہال میں جے آئی یوتھ سندھ کے رہنما محمد عرفان قائم خانی کے دعوت ولیمہ میں بھی شرکت اور ان کو مبارکباد دی، اس موقع پر مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدی صدیقی، جے آئی یوتھ سندھ کے صدر ڈاکٹر امتیاز پالاری، جنرل سیکریٹری فیصل غفور سمیت قریبی اضلاع و مقامی احباب بھی موجود تھے۔