مسافرکوچ حادثے میں 41مسافر جاں بحق ،تین زخمی ہوئے،تین نعشیں شناخت کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں ،ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لسبیلہ

اتوار 29 جنوری 2023 21:00

لسبیلہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2023ء) ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لسبیلہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے اتوار کی علی الصبح بیلہ نمی چیک پوسٹ کے ایریا لنگڑا پل کے مقام پر پیش آنے والے مسافرکوچ حادثے میں مجموعی طور پر 41 مسافرجانبحق ہوئے 03 افراد کی میتیں ورثاء کی جانب سے شناخت کے بعد ایدھی ایمبولینس کے ذریعے کوئٹہ روانہ کردی گئی ہیں ۔

بیان کے مطابق دیگر 38 جاں بحق افراد کی میتوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے کراچی جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں قانونی کارروائی کے بعد ان میتوں کو ایمبولینس کے ذریعے ایدھی ہوم سہراب گوٹھ سرد خانے منتقل کیا جائے گا۔بیان کے مطابق کوئٹہ سے کراچی ٹریول کرنیوالی مسافر کوچ اووراسپیڈ اور ڈرائیور کی غفلت کیوجہ حادثے کا شکار ہوئی تیز رفتاری کی وجہ سے مسافر کوچ کھائی میں گرنے کے بعد آتشزدگی کا وقوعہ پیش آیا۔

(جاری ہے)

حادثے کی اطلاح ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن لسبیلہ کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم کی زیرنگرانی امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں علی الصبح وقوعہ پیش آنے کے بعد فائربریگیڈ ٹیمیں اور ہیوی مشینری جائے وقوعہ پر بروقت پہنچادی گئیں پہاڑی علاقہ اوراندھیرا ہونے کے باوجود ریسکیو ٹیمیوں نے مسافر کوچ میں لگی آگ پر قابو پالیااسسٹنٹ کمشنر بیلہ کیپٹن حمزہ انجم ریسکیو آپریشن لیڈ کرتے رہے۔

بیان کے مطابق ریسکیو آپریشن میں ڈسٹرکٹ پولیس ایدھی ویلفئیرٹرسٹ اور لسبیلہ ویلفئیر ٹرسٹ کی ٹیمیں بھی شریک رہیں ضلعی انتظامیہ نے جاری کردہ بیان میں بعض عناصرکی جانب سے سوشل میڈیا پربس حادثے میں امدادی سرگرمیوں میں تاخیر سے متعلق پراپیگنڈے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وقوعہ کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے دومسافروں کو ریسکیو کرکے انکی جانیں بچائیں جبکہ حادثے میں زخمی دیگر چار مسافروں کو دوران ریسکیو ہسپتال منتقلی کے دوران ایک زخمی نے دم توڈ دیا۔