ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی الجیریا میں ملائیشیا ،برکینا فاسو کے سپیکرز اور قطر کی ڈپٹی سپیکر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال

اتوار 29 جنوری 2023 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2023ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے بین الاپارلیمارنی یونین (پی یو آئی سی)کی اسلامی تعاون تنظیم کے الجزائر میں منعقدہ کانفرنس کے موقع پر پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملائیشیا، برکینا فاسو اور قطر کی ڈپٹی سپیکر سے ملاقات کی ہے۔ الجیریا کے شہر الجیرس سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں پارلیمانی تعاون کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، موجودہ حکومت دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں علاقائی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا چاہتا ہے، خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان نے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں، پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور مسئلہ کشمیر، فلسطین اور دیگر تنازعات کا پر امن حل چاہتا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کا بازار گرم کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کیلئے سوالیہ نشان ہیں، عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ملائیشیا، برکینا فاسو کے سپیکرز اور قطر کی ڈپٹی سپیکر نے زاہد اکرم درانی کے تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اور دوست ممالک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک پاکستان کے ساتھ آزمائش کی ہر مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔