زاہد اکرم درانی کی پی یو آئی سی کانفرنس کے موقع پر ملائیشیا برکینا فاس کے اسپیکرز اور قطر کی ڈپٹی اسپیکر سے ملاقات

دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں پارلیمانی تعاون کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی

اتوار 29 جنوری 2023 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2023ء) الجیریا کے شہر الجیرس سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق بین الپارنی یونین کی اسلامی تعاون تنظیم کے الجزائر میں منعقدہ کانفرنس کے موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملائیشیا، برکینا فاسو اور قطر کی ڈپٹی اسپیکر سے ملاقات کی ہے۔

ملاقات میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان تمام دوست ممالک کے ساتھ اپنے خوشگوار تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے میں پارلیمانی تعاون کا فروغ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت دوست ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں علاقائی ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستان نے ناقابل فراموش خدمات سر انجام دی ہیں۔انہوں نے کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے اور مسئلہ کشمیر، فلسطین اور دیگر تنازعات کا پر امن حل چاہتا ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کا بازارِ گرم کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے سوالیہ نشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ ملائیشیا، برکینا فاسو کے اسپیکرز اور قطر کی ڈپٹی اسپیکر نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کے تاثرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اور دوست ممالک پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوست ممالک پاکستان کے ساتھ آزمائش کی ہر مشکل گھڑی میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔