صدر مملکت کا ایف بی آر کو ملتان میں برطانوی دور کی لائبریری کو ٹیکس کٹوتی واپس کرنے کا حکم

اتوار 29 جنوری 2023 22:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جنوری2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملتان میں برطانوی دور کی لائبریری کو ٹیکس سال 2021 ء کیلئے ٹیکس استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) کے احکامات کو برقرار رکھتے ہوئے ایک لاکھ 98 ہزار کی ٹیکس کٹوتی واپس کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ ایف ٹی او کے فیصلے کے خلاف ایف بی آر کی نمائندگی کو مسترد کرتے ہوئے، صدر مملکت نے فیصلے میں کہا کہ یہ واضح طور پر ایک ہمدردی کا کیس ہے کیونکہ پبلک لائبریری اور سٹی ریڈنگ روم، ملتان (شکایت کنندہ) ایک غیر منافع بخش تنظیم کے طور پر رجسٹر ہے ، اور ریٹرن فائل کرنے میں تاخیر کی وجہ سے ٹیکس استشنیٰ سرٹیفکیٹ روکا گیا ، تاہم ، تاخیر کی وجہ سے قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ، لہٰذا ، ایف بی آر کو اس معاملے کو ہمدردی کی نظر سے دیکھنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ایف بی آر نے پبلک لائبریری کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کے ایف ٹی او کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو درخواست دائر کر رکھی تھی۔اپنے فیصلے میں صدر مملکت نے مشاہدہ کیا کہ شکایت کنندہ علاقے کے شہریوں کو 20 روپے کی معمولی قیمت پر کتب بینی کی سہولت فراہم کر رہا ہے ، اس وقت اس کے تقریباً 400 ممبران ہیں ، اور بہت ہی کم عملہ انتہائی کم تنخواہ پر لائبریری چلا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ لائبریری کے خرچے عطیات اور اس کی وقف شدہ رقم کے منافع سے پورا کیا جاتے ہیں۔صدر نے نوٹ کیا کہ ٹیکس سال 2020-21 کے لیے ریٹرن فائل نہ کرنے کی وجہ سے شکایت کنندہ کو ٹیکس استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیا جا سکا اور اجرائ میں تاخیر کی وجہ ریٹرن فائل نہ کرنا ہے۔ انہوں نے مزید مشاہدہ کیا کہ استثنیٰ سرٹیفکیٹ کی عدم دستیابی کے نتیجے میں بینک کے پاس رکھے ہوئے ڈپازٹس پر 0.198 ملین کی کٹوتی کی گئی جو کہ لائبریری کی بقا ء کا ایک بنیادی ذریعہ ہے ، اور استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ جاری نہ کرنے کی وجہ سے اس کے چار ملازمین کو ان کی معمولی تنخواہوں یعنی 20000روپے سے بھی کم سے محروم ہونا پڑا۔

صدر نے کہا کہ چونکہ ایف بی آر پہلے ہی زیر بحث ٹیکس سال کے آخری چھ ماہ کے لیے استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ جاری کر چکا ہے، اس لیے محکمے کو مالی سال کے ابتدائی چھ ماہ کے لیے بھی استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ جاری کرنا چاہیے اور مستقبل میں بھی معاملے پر ہمدردی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ صدر نے کہا کہ ایسے حالات میں، ایف بی آر لائبریری کو بقیہ مدت کے لیے استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ جاری کرے اور کٹوتی کی گئی رقم بھی واپس کرے تاکہ لائبریری اپنے انتہائی ضروری اخراجات کو پورا کر سکے۔