لسبیلہ حادثہ: بس میں ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جارہا تھا، فیصل ایدھی

حادثات ہر سال ہوتے ہیں لیکن حفاظتی اقدامات نہیں کیے جاتے، حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے، فیصل ایدھی کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 29 جنوری 2023 23:35

لسبیلہ حادثہ: بس میں ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جارہا تھا، فیصل ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 جنوری 2023ء ) ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے لسبیلہ حادثے سے متعلق بات کرتے ہوئے دعوی کیا کہ بس میں ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حادثات ہر سال ہوتے ہیں لیکن حفاظتی اقدامات نہیں کیے جاتے، حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ خیال رہے کہ لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 42 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی کی طرف جا رہی تھی کہ بیلہ میں چنیکی اسٹاپ کے قریب کھائی میں گر کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کے مطابق کوچ میں 44 مسافر سوار تھے ، امدادی کارروائیاں مکمل کرلی گئی ہیں، زخمیوں کو بھی ابتدائی طبی امداد دے کر مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ کمشنرکا کہنا ہےکہ حادثے کا شکار بس سے نکالی جانے والی زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائےگا۔ معلوم ہوا ہے کہ مسافر بس کوئٹہ سے کراچی جارہی تھی جس کو ممکنہ طور پر تیز رفتاری کے باعث اس وقت حادثہ پیش آیا، جب بس چینکی استاپ کے قریب موڑ کاٹ رہی تھی کہ اس دوران کوچ کھائی میں جاگری جس کی وجہ سے بس میں آگ لگ گئی۔

چند روز قبل بھی بلوچستان میں ٹریفک حادثہ میں 6 مسافر موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے اور اس وقت متعدد زخمی مسافروں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ لیاقت علی نے بتایا تھا کہ حادثہ قلعہ سیف اللہ اور مسلم باغ کے درمیان نیشنل ہائی وے پر توروسکی کے مقام پر پیش آیا، جہاں تیز رفتار منی ٹرک مخالف سمت سے آنے والی مسافر بس سے ٹکرا گیا۔