سعودی عرب کی سویڈن، ہالینڈ اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی شدید الفاظ میں مذمت

پیر 30 جنوری 2023 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2023ء) سعودی عرب نے سویڈن، ہالینڈ اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے قرآن پاک کی ایک آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بلا شبہ یہ وہ عظیم الشان کتاب ہے جو لوح محفوظ میں درج ہے۔ انہوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا الاخباریہ ٹیلی ویژن چینل کو دیا گیا ایک بیان بھی شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ قرآن پاک ہمارا آئین ہے، یہ ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

سعودی گزٹ کے مطابق سعودی عرب نے سویڈن اور ہالینڈ کے علاوہ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں قرآن پاک کے نسخوں کو نذر آتش کرنے کے انتہا پسندانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اس نئے اشتعال انگیز اقدام سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہو رہے ہیں، وزارت نے سعودی عرب کے موقف کی تجدید کرتے ہوئے ان تمام مذموم کارروائیوں کی سختی سے مذمت کی ہے، جو حال ہی میں کئی یورپی دارالحکومتوں میں آزادی اظہار کی آڑ میں دہرائی گئی ہیں۔ انہوں نے تمام یورپی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ ان عوامل کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کریں، ان انتہا پسندانہ عوامل کا فوری سدباب کریں جو مذاہب کے درمیان نفرت اور تنازعات کو ہوا دیتے ہیں۔