سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

پیر 30 جنوری 2023 10:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2023ء) امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات کے لیے اپنی مہم کا آغاز نیو ہیمپشائر اور جنوبی کیرولینا کی ریاستوں سے کیا۔نیو ہیمپشائر میں ریپبلکن پارٹی کی سالانہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ اب پہلے سے زیادہ پرعزم ہیں۔

انہوں نے نیو ہیمشائر میں انتخابی ایجنڈے کا اعلان کیا جس میں امیگریشن اور جرائم کی شرح بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پالیسیاں صدر جو بائیڈن سے مختلف ہوں گی۔جنوبی کیرولینا کے دورے پر پارٹی سے خطاب میں انہوں نے جو بائیڈن اور حکومتی جماعت ڈیموکریٹ پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے ٹرانسجینڈر کمیونٹی پر ہتک آمیز تبصروں کے علاوہ الیکٹرک گاڑیاں اور چولہے استعمال کرنے والوں کا مذاق اڑیااور اپنے دور حکومت میں کیے جانے والے اقدامات جیسے تیل کی پیداوار میں اضافہ اور امیگریشن پر کریک ڈاؤن کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے متعلق قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بڑی ریلیوں کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے جو پہلے سے زیادہ بڑی ہوں گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے لیے ریاست فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں مرکزی دفتر کھولا گیا ہے جہاں عملے کی ہائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔