شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کر دیا گیا

متروکہ وقف املاک بورڈ نے پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ مل کر کارروائی کی،لال حویلی سمیت 7 اراضی یونٹس کو سیل کیا گیا ہے

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 30 جنوری 2023 10:35

شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کر دیا گیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء) متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید کی آبائی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق متروکہ وقف املاک نے راولپنڈی میں لال حویلی سمیت 7 یونٹس کو سیل کر دیا ہے، متروک وقف املاک بورڈ نے علی الصبح پولیس کی نفری کے ساتھ کارروائی کی،محکمہ متروکہ وقف املاک حکام کے مطابق شیخ رشید کی لال حویلی کے 6 یونٹس کو سیل کیا گیا،لال حویلی کے ایک یونٹ کی رجسٹری کی تصدیق کے لیے حکام کو لکھا ہے،رجسٹری کی تصدیق پر سیل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا،سرکاری اراضی پر عرصہ دراز سے قبضہ کیا گیا تھا۔

محکمے نے لال حویلی کے تمام داخلی دروازوں پر سرکاری تالے لگا کر سیل کر دیے۔محکمہ مزید قانونی کارروائی آج سے شروع کرے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک آصف محمود نے کہا کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی لال حویلی سے متعلق کوئی دستاویزات پیش نہیں کرسکے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے لال حویلی خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا،متروکہ وقف املاک بورڈ نے قانو ن نافذ کرنیوالے اداروں سے مدد مانگی۔

متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید احمد کی رہائش گاہ لال حویلی خالی کرانے کا فیصلہ کیا جس کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مدد مانگی گئی گئی،آئندہ 24 گھنٹے میں لال حویلی خالی کرانے کیلئے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ آصف خان نے کہا کہ لال حویلی خالی کرانے کے آپریشن کیلئے رینجرز، پولیس اور ایف آئی اے سے مدد مانگی گئی،صرف لال حویلی نہیں بلکہ غیرقانونی قابضین سے تمام عمارتیں خالی کرائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن کا فیصلہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں کیا گیا،متروکہ وقف املاک کی عمارتیں خالی کرانے کیلئے آپریشن اگلے 24 گھنٹے تک جاری رہے گا۔ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے عدالت کو بتایا تھا کہ لال حویلی شیخ رشید کی کئی دہائیوں سے ملکیت ہے۔