Live Updates

شیخ رشید نے لال حویلی سیل کرنے کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی

لال حویلی کو سیل کرنے کا مقصد سیاسی انتقام ہے،درخواست میں مؤقف،برطانیہ کی تین کمپنیاں لال حویلی پر فلم بنانا چاہتی ہیں جو انہیں برداشت نہیں،سربراہ عوامی مسلم لیگ

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 30 جنوری 2023 11:01

شیخ رشید نے لال حویلی سیل کرنے کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء) سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے لال حویلی سیل کرنے کیخلاف عدالت میں درخواست دائر کر دی،شیخ رشید نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ لال حویلی کو سیل کرنے کا مقصد سیاسی انتقام ہے،عدالت لال حویلی کو سیل کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دے۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے رات گرفتار کرنے کا سوچ رہے تھے،لال حویلی گراؤنڈ میں تمہاری اینٹ سے اینٹ بجا دوں گا،عمر کے اس حصے میں مجھے تنگ نہ کیا جائے۔

ایف آئی اے نے لال حویلی کی حدود میں قدم رکھا تو قانونی حق استعمال کریں گے،میں کال دوں گا اور دھرنے پر بیٹھ جاؤں گا۔میرے بعد لال حویلی وویمن یونیورسٹی کو عطیہ ہو جائے گی،برطانیہ کی تین کمپنیاں لال حویلی پر فلم بنانا چاہتی ہیں جو انہیں برداشت نہیں،عمران خان کال نہ بھی دے تو بھوک اور مہنگائی سے تنگ لوگ سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ رات کے اندھیرے میں حکومت پر شب خون مارنے والوں نے لال حویلی پرشب خون مارا ہے،5 مرلہ سے کم لال حویلی ہماری ذاتی ملکیت ہے اور عوامی خدمت کا مرکزی سیکرٹریٹ ہے انہوں نے رینجرز اور ایف سی سے مدد مانگی لیکن انہوں نے انکار کردیا،پھر ایف آئی اے اور پولیس کی مدد سے لال حویلی کو سیل کر دیا۔

انکا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا،لال حویلی کو سیل کرنا فاشزم اور سیاسی دہشت گردی ہے اگر یہ ہماری ذاتی ملکیت نہیں تو ہم قومی مجرم ہیں،16 وزارتوں کی چھان بین سے کچھ نہ ملا تول ال حویلی پرچڑھائی کر دی جسکی پہلے ہی 15 فروری عدالت میں تاریخ ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ لال حویلی کے حوالے سے ہائیکورٹ سے رجوع کررہے ہیں،حکمران چاہتے ہیں کہ لوگوں کی توجہ ہٹائی جائے،یہاں ایف آئی اے کا کیا کام ہے،لوگوں کی دکانیں بھی سیل کی گئیں،سابق وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ یہ جھگڑا چاہتے ہیں،رانا ثناء اللہ ایسے غیر قانونی اقدام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے شیخ رشید کی آبائی رہائش گاہ لال حویلی کو سیل کر دیا،متروکہ وقف املاک نے راولپنڈی میں لال حویلی سمیت 7 یونٹس کو سیل کیا،متروک وقف املاک بورڈ نے علی الصبح پولیس پولیس کی نفری کے ساتھ کارروائی کی،محکمہ متروکہ وقف املاک حکام کے مطابق شیخ رشید کی لال حویلی کے 6 یونٹس کو سیل کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات