قطرانرجی کا لبنان کے پانیوں میں قدرتی گیس کی تلاش بارے ٹوٹل انرجیز ایس ای اور اینی ایس پی اے کے ساتھ معاہدہ طے

پیر 30 جنوری 2023 11:42

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2023ء) قطرانرجی کا لبنان کے پانیوں میں قدرتی گیس کی تلاش بارے فرانس کی ٹوٹل انرجیز ایس ای اور اطالوی توانائی کمپنی اینی ایس پی اے کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا ۔ سعودی ذرائع ابلاغ نے لبنان کے نگران وزیراعظم نجیب میقاتی کے حوالے سے بتایا کہ قدرتی گیس کی تلاش اورپیداوار کے معاہدے کے تحت قطر کی سرکاری کمپنی آف شوربلاکس 9 اور 4 میں 30 فیصد حصص حاصل کرے گی جبکہ فرانسیسی اور اطالوی توانائی کمپنیوں کے پاس اب 35، 35 فیصد حصص ہوں گے۔

اس معاہدہ سے بین الاقوامی کمپنیوں کو آف شور بلاک 9 میں قدرتی گیس کی تلاش شروع کرنے کی مدد ملے گی جس سے ممکنہ طورپرآئندہ سالوں میں یورپ کو مزید توانائی کی برآمدات ہوں گی۔نجیب میقاتی نے کہا کہ لبنان کا جغرافیائی محل وقوع اسے خطے کی دوست ریاستوں کے ساتھ مل کریورپ کو گیس کی ترسیل میں اہم کرداراداکرنے میں مدد فراہم کرے گا اوریہ بین الاقوامی کمپنیوں کولائسنس کے حصول کے دوسرے مرحلے میں حصہ لینے کی ترغیب دے گا۔

(جاری ہے)

فیلڈ ڈویلپر انرجیان نے بتایا کہ سرحد کے اسرائیلی حصے میں واقع قریش فیلڈ میں گیس کی پیداوار شروع ہو گئی ہے جبکہ لبنان نے اپنے بقیہ آف شور بلاکس کے لیے لائسنسنگ کے دوسرے مرحلے کی اختتامی تاریخ 30 جون تک بڑھادی ہے۔یاد رہے کہ امریکا نے گزشتہ سال لبنان اور اسرائیل کے درمیان آف شورتیل اور گیس کے وسائل کی دریافت اور نکلانے کے لیے ایک تاریخی معاہدے کی ثالثی کی تھی جس کے نتیجے میں لبنان اور اسرائیل کے درمیان بحیرہ روم (بحرِمتوسط) کے پانیوں میں ممکنہ طور پر گیس سے مالا مال علاقے پر تنازع ختم ہو گیا تھا۔دونوں ممالک نے 860 مربع کلومیٹر(330 مربع میل) پر محیط علاقے پر دعویٰ کیا تھا۔