Live Updates

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی

عدالت نے گورنر کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دئیے،الیکشن 90 روز میں ہی ہونے چاہییں،عدالت کے ریمارکس

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 30 جنوری 2023 11:32

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کیخلاف درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کیخلاف دائر درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں جنرل الیکشن کی تاریخ نہ دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس جواد حسن نے درخواست پر سماعت کی۔پی ٹی آئی جنرل سیکریٹری اسد عمر اور سابق اسپیکر سبطین خان عدالت میں پیش ہوئے،درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90 روز کے اندر الیکشن ہونا ہوتے ہیں،جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن 90 روز میں ہونے چاہیے اس پر متفق ہوں،جسٹس جواد حسن نے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ سب سے پہلے الیکشن کمیشن کو فریق بنائیں،پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے الیکشن کمیشن کو کیس میں فریق بنایا۔

(جاری ہے)

جسٹس جواد حسن نے وکیل سے سوال کیا کہ کیا آپ نے گورنر کو الیکشن کی تاریخ کے لیے خط لکھا؟ عدالت نے اسدعمر سے استفسار کیا کہ بتائیں کہ آئین کیا کہتا ہے؟ جسٹس جواد حسن نے قرار دیا کہ نوے دن میں الیکشن کرانے ہیں،کس نے کرانے ہیں یہ ہم ڈھونڈ لیں گے۔ جسٹس جواد حسن نے اسد عمر کو ہدایت کی کہ آپ الیکشن کے حوالے سے آئین کا متعلقہ پیراگراف پڑھیں،اسد عمر نے جواب دیا کہ پیراگراف میں سیاسی انصاف کی اصطلاح میرے لیے بھی نئی ہے،بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ گورنر پنجاب الیکشن کی تاریخ دینے کے پابند ہیں۔

عدالت نے گورنر پنجاب کے وکیل کی جانب سے تیاری نہ کر کے آنے پر اظہار برہمی کیا،جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دئیے کہ آپ نے تیاری کیوں نہیں کی؟48 گھنٹے پہلے درخواست آ چکی تھی،200لا افسران ہیں کیا کام کرتے ہیں؟ وفاقی حکومت کے وکیل نے دلائل کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی،عدالت نے وفاق کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا بات کر رہے ہیں،کیس پڑھ کر کیوں نہیں آئے؟ہفتے کی درخواست دائر ہوئی ہے تیاری کیوں نہیں کی؟ بعد ازاں لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی اور ریمارکس دئیے کہ پی ٹی آئی کی درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائیں گئے ہیں،عدالت نے گورنر کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹسزجاری کر دیئے،لاہور ہائیکورٹ نے فریقین سے تفصیلی رپورٹس طلب کر لی اور سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات