سی پیک نے پاکستان کی سیاحت کو تبدیل کرنے میں بھی کردار ادا کیا ‘آفتاب الرحمان

چینی باشندوں کی جانب سے سیاحت کا آغاز پاکستان کے لیے بہت ہی مثبت علامت ہے‘ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی

پیر 30 جنوری 2023 12:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2023ء) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب الرحمان رانا نے کہا ہے کہ چینی باشندوں کی جانب سے سیاحت کا آغاز پاکستان کے لیے ایک بہت ہی مثبت علامت ہے، پاکستان نے چینی زائرین کے استقبال کے لیے وسیع پیمانے پر تیاریاں کی ہیں۔ ایک انٹر ویو میںانہوںنے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے پاکستان کی سیاحت کو تبدیل کرنے میں بھی کردار ادا کیا ہے۔

اس نے نہ صرف پاکستان کے مختلف کاروباری مراکز اور شہروں تک رسائی کو بہتر بنایا بلکہ مختلف سیاحتی مقامات تک رسائی کو بھی آسان بنایا۔ بہتر رسائی کے ساتھ آنے والے سالوں میں کئی نئی پیشرفتیں ہوں گی جن میں سی پی ای سی کے راستوں پر سیاحتی زونز، نئے ہوٹلز اور سیاحتی مقامات کا قیام شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جیسا کہ سی پیک اپنے اعلی معیار کی ترقی کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اس کے لئے مزید شراکت داری، مشترکہ منصوبوں اور سفر کی ضرورت ہے۔

سی پیک دونوں ممالک کی دوستی کی بہترین مثال ہے،ہم ہائی ویز بنا رہے ہیں جو پاکستان کو شمال سے جنوب، نیچے کراچی اور بندرگاہوں سے جوڑے گی اور بہت جلد ایک ریلوے منصوبہ نافذ کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہمارا اتنا طویل، برادرانہ، شاندار رشتہ ہے، اور ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ میرے خیال میں کورونا وبا ء کے بعد بحالی کے ساتھ چینی لوگ اپنے گھروں سے نکلنے اور پاکستان کا سفر کرنے کے منتظر ہوں گے۔