Live Updates

اعظم نذیر تارڑ نے نگران حکومتوں کی مدت میں توسیع کا عندیہ دے دیا

آئین میں نگران حکومتوں کی مدت میں توسیع کی گنجائش ہے،نگران سیٹ اپ میں توسیع کا انحصار حالات پر ہے،وفاقی وزیر قانون

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 30 جنوری 2023 11:55

اعظم نذیر تارڑ نے نگران حکومتوں کی مدت میں توسیع کا عندیہ دے دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء) وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نگران سیٹ اپ میں توسیع کا عندیہ دے دیا۔ دنیا نیوز کے مطابق اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئین میں نگران حکومتوں کی مدت میں توسیع کی گنجائش ہے تاہم نگران حکومتوں کی مدت میں توسیع کا انحصار حالات پر ہے۔امن و امان یا معاشی صورتحال ایسی بنے تو آئین میں انتظام موجود ہے،آئین میں رہتے ہوئے نگران حکومتوں کے وقت کی کمی بیشی کی جاسکتی ہے۔

نگران وزیراعلٰی پنجاب محسن نقوی کی تقرری سے متعلق انکا کہنا تھا کہ 5 صفر کے ساتھ ہوئی ہے،الیکشن کمیشن نے متفقہ طور پر محسن نقوی کو نگران وزیراعلٰی پنجاب بنایا۔اگر وہ سمجھتے ہیں کہ نگران وزیراعلٰی پنجاب ڈکٹیشن لے کر صوبہ چلائیں گے تو یہ آئین کی منشا نہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے فواد چوہدری کی گرفتاری سے متعلق کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف مقدمہ سیکریٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر ہوا،عدالتیں آزاد ہیں وہ فواد چوہدری کے معاملے پر فیصلہ کریں گی۔

انکا کہنا تھا کہ 1988میں سیلاب کے باعث انتخابات ملتوی کردیئے گئے تھے،جبکہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے باعث الیکشن کمیشن نے انتخابات کی تاریخ تبدیل کی تھی۔الیکشن کمیشن آئین میں رہتے ہوئے انتخابی اخراجات اور مردم شماری کا معاملہ دیکھے گا،فیصلے الیکشن کمیشن نے کرنے ہیں اور وہ آئین اور الیکشن ایکٹ کو سامنے رکھتے ہوئے تاریخ دے گا۔ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ انتخابات کون سی مردم شماری کے تحت ہوں گے ابھی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے،مردم شماری پر انتخابات کرانے کے لیے پچھلی مرتبہ آرٹیکل 51 میں آئینی ترمیم کی گئی تھی،نئی مردم شماری کا اعلان ہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر عمران خان کے نامزد شدہ ہیں،اگر الیکشن کمیشن سے فیصلے میرٹ پر پی ٹی آئی کے حق میں نہیں آ رہے تو کسی کا قصور نہیں۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کیخلاف دائر درخواست کو سماعت کیلئے منظور کر لیا ہے اور ر ریمارکس دئیے کہ پی ٹی آئی کی درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائیں گئے ہیں،عدالت نے گورنر کو بذریعہ پرنسپل سیکریٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹسزجاری کر دیئے،لاہور ہائیکورٹ نے فریقین سے تفصیلی رپورٹس طلب کر لی اور سماعت 3 فروری تک ملتوی کر دی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات