مکی آرتھر کو ’ورک فرام انگلینڈ‘ کی سہولت بھی حاصل ہوگی

اگلے ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں معاہدہ طے پا جائے گا، گراؤنڈ میں بحیثیت ہیڈ کوچ ان کا پہلا اسائمنٹ اکتوبر میں ورلڈ کپ ہوگا ، اس سے قبل وہ ورچوئل طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 جنوری 2023 11:57

مکی آرتھر کو ’ورک فرام انگلینڈ‘ کی سہولت بھی حاصل ہوگی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جنوری 2023ء ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی جنوبی افریقا کے مکی آرتھر سے براہ راست معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ قومی اخبار ’جنگ‘ کے مطابق انہیں ’’ورک فرام انگلینڈ ‘‘ کی سہولت بھی حاصل ہوگی۔ اگلے ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں معاہدہ طے پا جائے گا۔

گراؤنڈ میں بحیثیت ہیڈ کوچ ان کا پہلا اسائمنٹ اکتوبر میں ورلڈ کپ ہوگا ۔ اس سے قبل وہ ورچوئل طور پر ذمے داریاں نبھائیں گے۔ پی سی بی نے مکی آرتھر کے سامنے فیوچر ٹور پروگرام رکھا ہے اسے دیکھ کر وہ اپنی کاؤنٹی کے ساتھ مصروفیات کو دیکھ کر بتائیں گے کہ کن کن ٹورنامنٹس اور سیریز میں پاکستان ٹیم کے ساتھ ہوں گے اور کہاں ان کی جگہ ٹیم کے ساتھ ان کے اسسٹنٹ ہوں گے۔

(جاری ہے)

مکی آرتھر اپریل میں نیوزی لینڈ کی 5 ٹی ٹونٹی اور 5 ون ڈے میچوں کی سیریز اور ایشیا کپ میں ٹیم کے ساتھ نہیں ہوں گے۔ البتہ انہوں نے پی سی بی سے وعدہ کیا ہے کہ بھارت میں ورلڈ کپ اور دسمبر جنوری میں 3 ٹیسٹ کی سیریز کیلئے آسٹریلیا جائیں گے۔ ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ معاہدے کا سب سے اہم پہلو یہ ہوگا کہ مکی آرتھر سال میں کن کن ٹورنامنٹس یا سیریز کے دوران پاکستان ٹیم کے ساتھ سفر کریں گے۔

معاہدے کے دوران وہ انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر کیلئے فل ٹائم کوچنگ کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسسٹنٹ کوچ بھی غیر ملکی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ، دو پاکستانی کوچز بطور معاون کام کریں گے اور غیر ملکیوں کے ساتھ پاکستانی کوچز کو گروم کیا جائے گا۔ اپریل میں نیوزی لینڈ کی سیریز میں مکی آرتھر کے اسسٹنٹ کوچنگ کریں گے مکی اس دوران ویڈیو لنک اور فون پران سے رابطے میں ہوں گے۔

اپریل میں انگلش سیزن شروع ہوجائے گا ۔ جولائی میں سری لنکا کی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز ، پاکستان افغانستان کی تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں بھی مکی آرتھر دستیاب نہیں ہوں گے۔ آئندہ سال فروری مارچ میں مکی آرتھر نے پاکستان ٹیم کے ساتھ ویسٹ انڈیز کا دورہ کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے جہاں دو ٹیسٹ ہوں گے۔ اگلے سال مئی میں پاکستان ٹیم 3 ٹی ٹونٹی انٹر نیشنل کے لئے آئرلینڈ اور 5 ٹی ٹونٹی کیلئےانگلینڈ جائیگی۔

آئر لینڈ اور انگلینڈ کے میچ انگلش سیزن کے دوران ہوں گے۔ اس مکی آرتھر ڈابی شائر کے ساتھ مصروف ہوں گے۔ جون 2024ء میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوں گا۔ اس ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ہیڈ کوچ بنچ پر موجود نہیں ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کو اپنا کوچنگ سٹاف بھی ساتھ لانے کا کہا گیا ہے۔ بولنگ اور بیٹنگ کوچ بھی مکی آرتھر کی مرضی سے لگایا جائے گا۔ مکی آرتھر کے سابق ریکارڈ اور پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ان کے تعلقات کی وجہ سے پی سی بی انہیں اہمیت دے رہا ہے۔