فیصل آباد میں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کی غرض سے تیاریوں کا ۱ٓغاز کردیا گیا

پیر 30 جنوری 2023 13:46

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2023ء) فیصل آباد میں اتوار5 فروری کوکشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم کشمیر بھرپور طریقے سے منانے کیلئے تیاریوں کا ۱ٓغاز کردیا گیاہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام شہر میں 5فروری یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے مختلف پروگرامز کوحتمی شکل دی جارہی ہے تاکہ مسئلہ کشمیرکو اجاگر کرنے کیساتھ ساتھ کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جاسکے۔

فیصل آباد انتظامیہ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کشمیر کنونشنز،سیمینارز،تقریری مقابلوں،واکس،مشاعروں،موضوعاتی ڈراموں اوردیگر پروگرامزکا انعقاد کیا جا ئے گا جبکہ آرٹس کونسل کی جانب سے جدوجہد آزادی کشمیر اوربھارتی ظلم واستبداد پر مبنی تصویری نمائش کا بھی اہتمام کیاجا رہا ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ضلع بھر میں اہم عوامی مقامات پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی پر مشتمل بینرز،کشمیر کے جھنڈے اور شہدا کی تصاویر آویزاں کی جائیں گی جس کیلئے پی ایچ اے،میٹرو پولیٹن کارپوریشن،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،پارکنگ کمپنی،ایف ڈی اے اور میونسپل کمیٹیز کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ سماجی بہبود مختلف این جی اوز کو متحرک کرکے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے واکس اور ریلیز کا انعقاد کرے گا جبکہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور اسسٹنٹ کمشنرز کی طرف سے بھی اسی نوعیت کے پروگرامز منعقد کئے جائیں۔انہوں نے کہاکہ پبلک پارکوں میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تحریک پر مشتمل ڈاکومینٹریز،سپورٹس میچز کرانے کے علاوہ یونیورسٹیز میں مقبوضہ کشمیر کے زیرتعلیم طالب علموں کو بھی پروگرامز میں مدعو کیا ئے گا۔انہوں نے بتایا کہ تمام محکموں کو یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے تقریبات کا شیڈول مرتب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ تمام پروگرامز اس انداز میں منائے جائیں کہ کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا پیغام واضح طور پراجاگر ہو۔