ڈالر بے قابو،انٹر بینک میں ڈالر 7 روپے مہنگا ہو گیا

ڈالر 270 روپے 80 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے،اوپن مارکیٹ میں ڈالر 267 سے 270 روپے تک فروخت ہو رہا ہے

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 30 جنوری 2023 12:24

ڈالر بے قابو،انٹر بینک میں ڈالر 7 روپے مہنگا ہو گیا
کراچی (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء) ڈالر کی قیمت میں اضافے کو بریک نہ لگ سکی،انٹر بینک میں ڈالر 7 روپے مہنگا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈالر کی اڑان جاری ہے،ڈالر کی قیمت روز بروز اضافے کے بعد ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر7 مہنگا ہونے کے بعد 269 روپے 10 پیسے پر ٹریڈ کر رہا ہے،بینک درآمد کنند گان کو ڈالر 270 روپے 80 پیسے میں فروخت کر رہے ہیں۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر 267 سے 270 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ یاد رہے کہ ایک ہفتے کے دوران ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ بد ترین گراوٹ کا شکار رہا ہے،اس دوران انٹر بینک میں ڈالر 33 روپے 50 پیسے مہنگا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 30 روپے 50 پیسے بڑھ گیا ۔

(جاری ہے)

فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ڈالر نے روپے کی قدر کو گرا دیا اور بلندیوں کے تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے،ایک ہفتے کے دوران انٹر بینک میں ڈالر کی قدر230 روپے سے بڑھ کر264 روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر240 روپے سے بڑھ کر271 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچی۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق اس عرصے میں یورو کی قدر میں16روپے 50 پیسے کا اضافہ ہوا جس سے یورو کی قیمت فروخت 275 روپے سے بڑھ کر291 روپے 50 پیسے ہو گئی جبکہ20 روپے کے نمایاں اضافے سے برطانوی پونڈ کی قیمت فروخت 312 روپے سے بڑھ کر 332 روپے پر جا پہنچی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق دو روز قبل اوپن مارکیٹ میں ڈالر3 روپے مہنگا ہو گیا جبکہ یورو کی قدر میں50 پیسے اور برطانوی پونڈ کی قدر میں1 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب آئی ایم ایف مشن کی آمد کے پیش نظر حکومت پٹرول مزید مہنگا کر سکتی ہے۔جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے منگل سے پاکستان کے دورے سے عین قبل حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 35 روپے اضافے کے بعد اسکی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔ مٹی کے تیل کی قیمت 18 روپے فی لٹر اضافے کے بعد 189 روپے 83 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 18 روپے اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت 187 روپے فی لٹر مقرر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق دن 11 بجے سے ہوا تھا۔