Live Updates

پنجاب انتخابات کی تاریخ کے اعلان کی درخواست پر سماعت 3 فروری تک ملتوی

پیر 30 جنوری 2023 14:32

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لئے دائر درخواست پرگورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے فریقین سے جواب طلب کر تے ہوئے کیس کی سماعت 3 فروری تک ملتوی کردی۔جسٹس جواد حسن نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر پیر کو ابتدائی سماعت کی۔

درخواست میں گورنر پنجاب ، صدر مملکت اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔دوران سماعت تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیے اور موقف اختیار کیا کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے 90روز کے اندر الیکشن ہونا ہوتے ہیں ، تاحال الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ، عدالت گورنر کو الیکشن کی تاریخ کا اعلان کرنے کی ہدایت دے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بتائیں کہاں لکھا ہے کہ اسمبلی تحلیل کے بعد الیکشن 90دن میں ہوگا، میں اس بات پر آپ سے متفق ہوں کہ 90روز میں الیکشن ہونے چاہئیں ، سوال یہ ہے کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان کون کررہا ہے ، آپ سب سے پہلے الیکشن کمیشن کو فریق بنائیں ۔

عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ گورنر نے اسمبلی کی تحلیل پر دستخط نہیں کیے، اسمبلی خود بخود تحلیل ہوئی کیا آپ نے گورنر پنجاب کو آئینی ذمہ داریوں سے متعلق کوئی خط لکھا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن نے بھی گورنر پنجاب کو الیکشن کی تاریخ دینے کے حوالے سے مراسلہ لکھا، گورنر پنجاب نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ، اس موقف پر الیکشن کمیشن بھی ہمارے ساتھ کھڑا ہے ، آئین کہتا ہے کہ گورنر نے اپنی آئینی زمہ داری پوری کرنی ہے۔

عدالت نے کہا کہ نوے دن میں الیکشن کرانے ہیں کس نے کرانے ہیں یہ ہم ڈھونڈ لیں گے۔ عدالت کے فاضل جج نے تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر کو روسٹرم پر بلا لیا اور ان سے کہا ک آپ الیکشن کے حوالے سے آئین کا متعلقہ پیراگراف پڑھیں، اسد عمر نے عدالت میں پیراگراف پڑھا اور کہا پیراگراف میں سیاسی انصاف کی اصطلاح میرے لیے بھی نئی ہے۔عدالت نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر کے فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 فروری تک ملتوی کردی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات