جدہ ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے نئی سہولت متعارف

نئے سسٹم سے مسافروں کو لگیج میں آسانی ہوگی اور ان کا وقت بھی بچے گا

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 جنوری 2023 12:59

جدہ ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے نئی سہولت متعارف
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء ) سعودی عرب میں جدہ ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرادی گئی۔ اُردو نیوز نے سعودی عرب کے اخبار 24 کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سفر کرنے والے مسافروں کو ایک نئی سہولت فراہم کرتے ہوئے ٹرمینل ون پر سیلف لیگج ڈراپ سروس متعارف کرائی گئی ہے۔

اس حوالے سے کنگ عبدالعزیز ایئرپورٹ انتظامیہ نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ یہ سہولت عربی اور انگریزی دونوں زبانوں میں مہیا کی گئی ہے، اس سروس سے مسافر ٹکٹ کی ریڈنگ اور مقرہ وزن سے متعلق معلومات کا مشاہدہ کرسکیں گے اور لگیج پر لگائے جانے والے سٹیکر بھی پرنٹ کرسکیں گے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ سہولت ٹرمینل ون کے اے ٹو زون میں فراہم کی گئی ہے، نئی سروس میں بیگ لگیج بیلٹ پر ہدایات ملتے ہی خود بخود حرکت میں آجائے گا اور اس نئے سسٹم سے لگیج میں آسانی ہوگی اور مسافروں کا وقت بچے گا۔

(جاری ہے)


اس کے علاوہ جدہ اور مکہ مکرمہ کے درمیان زائرین کی نقل و حمل کی مفت آزمائشی بس سروس کا آغاز ہوگیا، یہ سہولت جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے زائرین کو مسجد الحرام تک پہنچانے کے لیے شروع کی گئی ہے، ایئرپورٹ کے ٹرمینل ون سے مسجد الحرام تک زائرین کو بالکل مفت بس سروس فراہم کی جائے گی، تاہم اس سہولت سے وہی زائرین مستفید ہوں گے جو احرام میں ہوں گے جب کہ یہ سہولت سعودی عرب میں مقیم زائرین کو بھی حاصل ہوگی تاہم سعودی شہریوں کو اس مفت بس سروس سے فائدہ اٹھانے کے لیے قومی شناختی کارڈ دکھانا ہوگا اور مملکت میں مقیم غیرملکی زائرین کے لیے ضروری ہے کہ اس سہولت کو حاصل کرنے کے لیے ان کے پاس اقامہ کارڈ موجود ہو۔

ایئرپورٹ حکام نے کہا ہے کہ ٹرمینل ون سے ہر 2 گھنٹے بعد بس حرم شریف کے لیے روانہ ہوگی اور یہ سلسلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا، ایئرپورٹ سے مکہ روانگی کا مرکز پہلی منزل پر ایکیوریم کے برابر میں ہے اور واپس ایئرپورٹ کے لیے کدی سٹیشن اور وقف ملک عبدالعزیز پارکنگ کو مختص کیا گیا ہے، اسی طرح مسجد الحرام سے دوپہر 12 بجے سے لے کر رات 12 بجے تک ہر 2 گھنٹے بعد ایئرپورٹ کے لیے مفت بس سروس دستیاب ہوگی۔