خرابی کے باوجود بس ڈرائیور نے سفر جاری رکھنے کا کہا، لسبیلہ بس حادثے سے متعلق اہم انکشافات سامنے آ گئے

گاڑی تکنیکی خرابی کے باعث بار بار ہچکولے کھاتی رہی،مسافر بار بار گاڑی کو ٹھیک کرنے کا کہتے رہے،مالکان نے تکنیکی ڈرائیور کو گاڑی روانہ کرنے کی ہدایت کی۔ایف آئی آر کے متن میں انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 30 جنوری 2023 13:46

خرابی کے باوجود بس ڈرائیور نے سفر جاری رکھنے کا کہا، لسبیلہ بس حادثے ..
لسبیلہ (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30جنوری 2022ء ) گذشتہ روز لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں ہونے والے بس حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔حادثے کا مقدمہ بس مالکان کے خلاف بیلہ تھانے میں درج کیا گیا۔مقدمے میں بس کے دو مالکان اور جاں بحق ڈرائیور کو بھی نامزد کیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمے میں اقدام قتل، غفلت ، دباؤ ، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ اور عوام کی جان خطرے میں ڈالنے کی دفعات شامل کی گئیں۔

ایف آئی آر کے متن میں انکشاف کیا گیا کہ مالکان نے تکنیکی خرابی کے باوجود ڈرائیور کو گاڑی روانہ کرنے کی ہدایت کی۔اوور اسپیڈنگ کی وجہ سے بس کو چلانے پر پہلے ہی پابندی عائد تھی۔زخمی مسافر نے پولیس کو بتایا کہ گاڑی تکنیکی خرابی کے باعث بار بار ہچکولے کھاتی رہی۔مسافر بار بار گاڑی کو ٹھیک کرنے کا کہتے رہے۔

(جاری ہے)

ڈرائیور نے فون پر آگاہ کیا تو مالک نے سفر جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

قبل ازیں ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے لسبیلہ حادثے سے متعلق بات کرتے ہوئے دعوی کیا کہ بس میں ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جارہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حادثات ہر سال ہوتے ہیں لیکن حفاظتی اقدامات نہیں کیے جاتے، حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ خیال رہے کہ لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 42 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی کی طرف جا رہی تھی کہ بیلہ میں چنیکی اسٹاپ کے قریب کھائی میں گر کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کے مطابق کوچ میں 44 مسافر سوار تھے ، اسسٹنٹ کمشنرکا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار بس سے نکالی جانے والی زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائےگا۔مسافر بس کوئٹہ سے کراچی جارہی تھی جس کو ممکنہ طور پر تیز رفتاری کے باعث اس وقت حادثہ پیش آیا، جب بس چینکی استاپ کے قریب موڑ کاٹ رہی تھی کہ اس دوران کوچ کھائی میں جاگری جس کی وجہ سے بس میں آگ لگ گئی۔