دبئی میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی

ٹرانزٹ اور وزٹ ویزا رکھنے والے لائسنس پر دبئی میں گاڑی یا موٹر سائیکل چلا سکتے ہیں

Sajid Ali ساجد علی پیر 30 جنوری 2023 15:39

دبئی میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 جنوری 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی کے تحت رہائشیوں کو صرف 30 منٹ میں آئی ڈی ایل حاصل کرنے کا طریقہ اور ضروری تفصیلات بتادی گئیں، انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس رکھنے والے وزٹ ویزا پر دبئی میں چھوٹی گاڑی یا موٹر سائیکل چلا سکتے ہیں، ٹرانزٹ ویزا ہولڈرز دبئی میں رجسٹرڈ گاڑی چلا سکتے ہیں اگر ان کے پاس درست آئی ڈی ایل اور انشورنس کمپنی سے منظوری ہو۔

خلیج ٹائمز کے مطابق یو اے ای کے آٹوموبائل اینڈ ٹورنگ کلب (ATCUAE) کا کہنا ہے کہ دبئی سے حاصل کردہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس (IDL) بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ دستاویز ہے، جو اس کے حامل افراد کو بغیر مزید ٹیسٹوں اور درخواستوں کی ضرورت کے متحدہ عرب امارات سے باہر قانونی طور پر گاڑی چلانے کی اجازت دیتا ہے اور پوری دنیا میں تسلیم شدہ آئی ڈی ایل جاری ہونے کے بعد ایک سال کے لیے درست ہے۔

(جاری ہے)

آٹوموبائل اینڈ ٹورنگ کلب سے معلوم ہوا ہے کہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کا بنیادی کام دوسرے ممالک میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر حکام کو آپ کا لائسنس ان کی اپنی زبان میں پڑھنے کی اجازت دینا ہے، آئی ڈی ایل ہولڈرز اسے ایک سے زیادہ ممالک میں استعمال کر سکتے ہیں اور رہائشی 30 منٹ سے کم وقت میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں اگر وہ ذاتی طور پر کلب کے دفاتر یا متحدہ عرب امارات کے ایمریٹس پوسٹ آفسز میں جاتے ہیں، اس مقصد کے لیے آن لائن درخواست بھی دی جاسکتی ہے لیکن تمام آن لائن درخواستوں کے نتیجے میں جاری کردہ انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کو ان کے مطلوبہ پتے پر پہنچانے کے لیے 5 کاروباری دن درکار ہوں گے۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی کے رہائشی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی ویب سائٹ پر پانچ منٹ میں آئی ڈی ایل کے لیے درخواست دے سکتے ہیں، اس کے لیے متحدہ عرب امارات کا ڈرائیونگ لائسنس، ایمریٹس آئی ڈی اور پاسپورٹ سائز کی تصاویر کی ضرورت ہوگی جب کہ آر ٹی اے کی ویب سائٹ پر درخواست کے نتیجے میں انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس جاری کروانے کی لاگت 177 درہم ہے، اس میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کی فیس 20 درہم اس کے علاوہ وصول کی جائے گی۔

آر ٹی اے کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرد کو ڈرائیو کرنے کے قابل ہونے کے لیے اصل بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنا چاہیے کیوں کہ ڈیجیٹل لائسنس بین الاقوامی سطح پر قبول نہیں کیا جاتا، دیرہ یا البرشہ میں کسٹمر ہیپی نیس سینٹر سے لائسنس حاصل کیا جاسکتا ہے تاہم دبئی میں اگر آپ چاہتے ہیں کہ آئی ڈی ایل آپ کو پہنچایا جائے تو آپ کو نارمل ڈیلیوری کے لیے 20 درہم لاگت آئے گی اور اگر آپ چاہتے ہیں کہ اسے اسی دن ڈیلیور کیا جائے تو اس کی فیس 35 درہم ہے جب کہ 2 گھنٹے کے اندر ڈیلیوری پر 50 درہم لاگت آئے گی۔