صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی کی پشاور میں مسجد میں خود کُش دھماکے کی شدید مذمت

پیر 30 جنوری 2023 18:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2023ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشاور میں مسجد میں خود کُش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبادت کے دوران مسلمانوں پر خود کُش حملے کرنے والے اسلام، انسانیت اور پاکستان کے دشمن ہیں، ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف پرعزم ہے۔

پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے مسجد میں خود کُش حملے کے نتیجہ میں نمازیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردوں کے مکمل اور حتمی خاتمے کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کیلئے مشترکہ اور دوررس اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نظریاتی بنیاد ختم کرنے کیلئے تمام مکاتب فکر کو مل کر کام کرنا ہوگا، اسلام شہریوں کے بہیمانہ قتل اور خودکُش حملوں کی اجازت بالکل نہیں دیتا، ایسی دہشت گردانہ کارروائیاں اسلام کی تعلیمات کے منافی ہیں۔ انہوں نے خودکش حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی ، حملے میں شہید ہونے والوں کیلئے بلندی درجات اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔\932