خیبرپختونخوا کے 2 اہم شہروں میں تخریب کاری کی کوششیں ناکام بنادی گئیں

دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بارود اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا جب کہ علاقے میں سکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 31 جنوری 2023 00:11

خیبرپختونخوا کے 2 اہم شہروں میں تخریب کاری کی کوششیں ناکام بنادی گئیں
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-30 جنوری۔2023 ) سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے 2 اہم شہروں میں تخریب کاری کی کوششیں ناکام بنادیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ بارود اور دیگر سامان برآمد کرلیا گیا جب کہ علاقے میں سکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں کلاچی کے علاقے لونی میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کی دہشت گردوں سےجھڑپ ہوئیں۔

ادھر صوابی میں بھی پولیس کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ صوابی کے علاقے ہنڈ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نےکارروائی کی، دہشت گردوں نے پولیس کو دیکھتےہی فائرنگ شروع کردی، دو دہشت گردوں نے خودکو گرنیڈ سے اُڑادیا۔ پولیس نے ایک دہشت گردکو گرفتارکرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز ظہر کے دوران خودکش دھماکے میں امام مسجد اور پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والوں کی تعداد 59 ہوگئی جب کہ 140 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، دھماکے سے مسجد کی دومنزلہ عمارت کر گئی، سکیورٹی حکام کے مطابق حملہ آور نمازیوں کی پہلی صف میں موجود تھا، مسجد کے ملبے تلے سے تین افراد کو نکال لیا گيا ،اب بھی متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، بھاری مشینری سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔

پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال نے دھماکے میں شہید اور زخمی افراد کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق دھماکے میں 59 افراد شہید ہوئے، 140 سے زائد زخمی ہوئے۔ شہداء میں 5 سب انسپکٹرز، مسجد کے پیش امام صاحبزادہ نور الامین ، ایک خاتون اور دیگر افراد شامل ہیں۔ خاتون مسجد سے متصل پولیس کوارٹر میں رہاش پذیر تھی۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ تین جاں بحق افراد کی شناخت ابھی نہیں ہوسکی ہے۔

ریسکیو کے مطابق پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں مسجد کے اندر دھماکا ہوا، دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے جب کہ دھما کے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ ریسکیو کا کہنا ہےکہ دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے، سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو سیل کردیا۔

انتظامیہ لیڈی ریڈنگ اسپتال کا کہنا ہے کہ اسپتال میں خون کی اشد ضرورت ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ خون کے زیادہ سے زیادہ عطیات دیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر کےمطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زخمیوں کو او نیگیٹو خون کی اشد ضرورت ہے لہٰذا او نیگیٹو خون والے حضرات جلد از جلد خون عطیہ کریں۔