پشاور پولیس لائنز میں دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی

جائے وقوعوعہ سے خودکش حملے کے شواہد ملے ہیں،دھماکے کے بعد مسجد کے پلر گرنے سے چھت گری جس سے زیادہ نقصان ہوا۔رپورٹ میں انکشاف

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 31 جنوری 2023 11:11

پشاور پولیس لائنز میں دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری۔2023 ) پشاور پولیس لائنز میں دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر دی گئی۔رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملے کے شواہد ملے ہیں۔دھماکے کے بعد مسجد کے پلر گرنے سے چھت گری جس سے زیادہ نقصان ہوا۔رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی لیپس کے حوالے سے اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی۔پولیس لائن گیٹ، فیملی کوارٹر سائیڈ کی سی سی ٹی وی فوٹیجز پر تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف پیر کو ہنگامی دورے پر پشاور پہنچے تھے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیردفاع خواجہ محمد آصف، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب بھی ساتھ تھیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کو کور کمانڈر پشاور نے دہشت گردی کے عوامل اور محرکات کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخواء نے پولیس لائنز میں ہونے والے خود کش حملے پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گرد پاکستان کے دفاع پر مامور اداروں پر حملے کرکے خوف ودہشت کی فضاء پیدا کرنے کی مذموم کوشش کررہے ہیں جسے ریاست اور عوام کے اتحاد کی قوت سے ناکام بنائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان نے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کے اداروں، پولیس کی صلاحیت اور استعدادِ کار میں اضافہ کیاجائے گا۔

نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوت اور جامعیت سے عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم شہبازشریف نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور کا دورہ کیا اور پولیس لائنز میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور ان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے گھر میں سربسجود نمازیوں کا خون بہانے والے مسلمان نہیں ہوسکتے،یہ جرم کرنے والے اللہ تعالی کی پکڑ سے بچ نہیں سکیں گے، اِن مجرموں کو صفحہ ہستی سے مٹا کر دًم لیں گے۔

وزیراعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسلام کے نام پر نماز کے دوران مساجد اور معصوم شہریوں پر حملہ کرنا بدترین فعل ہے، پاکستانی عوام نے انتہا پسندوں کے بے بنیاد نظریے اور مذہب کی غلط تشریح کرنے والے عناصر کے اصلی چہروں کو پہچان لیا ہے، اس طرح کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خلاف ہمارے قومی عزم کو کمزور نہیں کر سکتے،معصوم شہریوں پر کئے گئے اس حملے میں ملوث شر پسند عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچا یا جائے گا۔