وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف وفد کی ملاقات

ملاقات میں معاشی امور پر بات چیت کی گئی،معیشت کی بہتری کیلئے مذاکرات سے قبل مشکل فیصلے کرنا پڑے کوشش ہے غریب طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچائیں،حکام وزارت خزانہ

Abdul Jabbar عبدالجبار منگل 31 جنوری 2023 11:15

وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف وفد کی ملاقات
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 31 جنوری 2023ء) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے آئی ایم ایف وفد نے ملاقات کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف وفد کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا،آئی ایم ایف وفد کی سربراہی مشن چیف نیتھن پورٹر کررہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف وفد سے ملاقات کی،ملاقات میں وزیرخزانہ اور آئی ایم وفد میں معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے حکام نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری کیلئے مذاکرات سے قبل مشکل فیصلے کرنا پڑے،پاکستان کیلئے مشکل ترین مذاکرات کر رہے ہیں۔معیشت کی بہتری کیلئے مشکلات برداشت کرنا ہوں گی اور معیشت کی بہتری کیلئے اصلاحات ناگزیز ہے۔ انکا کہنا تھا حکومت کی کوشش ہے کہ غریب طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ آئی ایم ایف کے جائزہ مشن کے پاکستان کے دورے سے قبل حکومت نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 35 روپے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 35 روپے اضافے کے بعد اسکی قیمت 262 روپے 80 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت 18 روپے فی لٹر اضافے کے بعد 189 روپے 83 پیسے مقرر کی گئی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 18 روپے اضافہ کیا گیا اور نئی قیمت 187 روپے فی لٹر مقرر کی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق دن 11 بجے سے ہوا۔پی ڈی ایل اب 40 روپے فی لیٹر ہو گیا۔حکومت کے پاس ابھی بھی 10 روپے فی لیٹر جگہ دستیاب ہے جس میں آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ پی ڈی ایل کو 50 روپے فی لیٹر تک بڑھایا جا سکے۔ مقامی مارکیٹ میں ایم ایس پٹرول کی قیمت 35 روپے اضافے سے 249 روپے 40 پیسے فی لیٹر ہو گئی۔ایچ ایس ڈی کی قیمت بڑھ کر 262ؤ روپے 80 پیسے فی لیٹر ہو گئی جب کہ پہلے کی قیمت 227 روپے 80 پیسے فی لیٹر تھی۔