سعودی عرب نے ای ٹرانزٹ وزٹ ویزا کی سروس شروع کردی

ڈیجیٹل ٹرانزٹ ویزا سروس سعودی ویژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے میں معاون ثابت ہوگی،بیان

منگل 31 جنوری 2023 15:58

سعودی عرب نے ای ٹرانزٹ وزٹ ویزا کی سروس شروع کردی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2023ء) سعودی وزارت خارجہ نے بائی ایئر آنے والوں کے لیے الیکٹرانک طور پر ٹریفک وزٹ ویزا جاری کرنے کی سروس شروع کردی۔اس سروس کا مقصد سعودی عرب میں تمام مقاصد کے لیے آنے والوں کے لیے ویزا کے حصول کے طریقہ کار کو آسان اور خود کار بنانا ہے۔

(جاری ہے)

میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ٹرانزٹ ویزا پر مملکت آنے والوں کو بھی عمرہ ادا کرنے، مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کرنے، سیاحتی مقامات کی سیر کرنے اور سیرو تفریح کے لیے دیگر علاقوں میں جانے کی اجازت ہوگی۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانزٹ ویزا سروس سے سعودی عرب کی پوزیشن مضبوط ہوگی اور یہ براعظموں کو جوڑنے والے ایک مرکز کے طور پر ممتاز سٹریٹجک مقام حاصل کرلے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس سروس سے سعودی ویژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔وزارت نے بتایا کہ دورے کے لیے ٹرانزٹ ویزا مفت ہوگا اور فوری طور پر سفری ٹکٹ کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔ اس کی میعاد تین ماہ تک ہوگی اور مملکت میں رہائش 4 دن کی مدت تک کے لیے ہوگی۔