سعودی عرب کے کئی علاقوں میں رواں ہفتے بارش کا امکان

جدہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، طائف اور درجنوں دیگر مقامات پر بارانِ رحمت برسنے کی پیشگوئی کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی منگل 31 جنوری 2023 16:20

سعودی عرب کے کئی علاقوں میں رواں ہفتے بارش کا امکان
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری2023ء) سعودی عرب کے کئی علاقوں میں رواں ہفتے بارش کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ منگل اور بدھ کو جدہ، مکہ مکرمہ، رابغ، طائف، الجموم، الکامل، خلیص اور بحرہ میں بارش کا امکان ہے جب کہ مدینہ منورہ ریجن کی 9 کمشنریوں، الشرقیہ ریجن کی 4 کمشنریوں کے علاوہ تبوک، حدود شمالیہ، الجوف، حائل اور القصیم کے کئی مقامات پر جمعے تک وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔

موسمی شدت کے پیش نظر محکمہ شہری دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مقامی شہری اور مملکت میں مقیم غیرملکی خراب موسم میں بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر کی پابندی کرتے ہوئے سیلاب والے مقامات سے دور رہیں، وادیوں کے قریب نہ جائیں، ڈیمز کےآس پاس خیمے نہ لگائیں جب کہ بارش کے پانی سے بننے والے تالابوں میں تیراکی نہ کی جائے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ماہ بھی سعودی عرب میں شدید بارشیں ہوئیں جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا تھا، جس کے بعد سعودی انشورنس کمپنیوں کے ترجمان عادل العیسیٰ نے کہا کہ بارش سمیت قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کا معاوضہ ادا کیا جائے گا، گاڑیوں کی انشورنس پالیسیوں میں انشورنس کوریج کی حد 10 ملین سعودی ریال ہے اور بارش کی صورت میں بیمہ شدہ گاڑیوں کو جامع انشورنس کے ذریعے کور کیا جائے گا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ گاڑیوں کا معاوضہ نقصان کی شدت پر منحصر ہے، اگر گاڑیاں قابل مرمت ہیں تو کوریج مرمت کے کام کے لیے ہوگی اور اگر گاڑی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا تو گاڑی کی مارکیٹ ویلیو یا انشورنس ویلیو کے مطابق معاوضہ دیا جائے گا، بیمہ کمپنیوں کے لیے یہ لازمی ہے کہ وہ سعودی حکومت کی ہدایات کے تحت جنوری 2018ء سے جامع انشورنس رکھنے والی گاڑیوں کے لیے قدرتی آفات کے خلاف انشورنس کوریج دیں۔

انشورنس اور ری بیمہ کے امور کے معاشی مشیر نے نشاندہی کی کہ بیمہ شدہ گاڑی کے نقصان کے حوالے سے انشورنس کوریج کی حد وہ حد ہے جو بیمہ کنندہ نے مقرر کی تھی، جو گاڑی کی قیمت کے برابر ہے جہاں تک گاڑی کے نتیجے میں کسی تیسرے فریق کو پہنچنے والے نقصان کی کوریج کا تعلق ہے، تو اس کی زیادہ سے زیادہ حد 10 ملین سعودی ریال ہے، جو جسمانی چوٹ اور املاک کے نقصان کے درمیان مساوی طور پر تقسیم ہوتی ہے۔