امارات میں رہائشیوں سے نئے آن لائن فراڈ اور بلیک میلنگ کا انکشاف

جعلسازوں کا بھیجا ہوا پیغام دیکھ کر لگتا ہے یہ وزارت کی طرف سے ہے‘ جو حقیقیت نہیں۔ وزارت داخلہ کا انتباہ

Sajid Ali ساجد علی منگل 31 جنوری 2023 17:35

امارات میں رہائشیوں سے نئے آن لائن فراڈ اور بلیک میلنگ کا انکشاف
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 31 جنوری2023ء) متحدہ عرب امارات میں رہائشیوں سے ایک نئے آن لائن فراڈ اور بلیک میلنگ کا انکشاف ہوگیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق یو اے ای کی متعلقہ وزارت نے رہائشیوں کو ایک الیکٹرانک فراڈ اور بلیک میلنگ کے بارے میں انتباہ جاری کیا ہے، جس میں رہائشیوں کو ایک ایسا پیغام موصول ہوتا ہے کہ جس کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے یہ وزارت کی طرف سے ہے۔

اماراتی وزارت داخلہ نے اس نئے فراڈ سے خبردار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس اسکینڈل میں رہائشیوں کو جعلی ٹیکسٹ میسجز اور فون کالز موصول ہوتی ہیں، یہ فون کالز اور پیغامات ایسے لوگوں کی طرف سے بھیجے جاتے ہیں جو وزارت داخلہ کے لیے کام کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں۔ ان جعلسازوں کی طرف سے کہا جاتا ہے کہ انہیں پیغام موصول کرنے والے شخص کی وزارت کے نظام میں ذاتی معلومات کو اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، اس مقصد کے لیے پیغام وصول کرنے والے سے کہا جاتا ہے کہ وہ متن میں معلومات شیئر کریں۔

(جاری ہے)

اس فراڈ کے حوالے سے وزارت کی جانب سے اپنے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ مکینوں کی ذاتی معلومات کو ٹیکسٹ کے ذریعے اپ ڈیٹ نہیں کرتی، اس لیے عوام سے مشتبہ کالز یا ٹیکسٹ میسجز موصول ہونے پر احتیاط برتنے کی تاکید کی جاتی ہے۔ چند روز قبل بھی حکام نے رہائشیوں کو ایک فراڈ سے خبردار کیا اور صارفین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ آن لائن فراڈ سے بچنے کے لیے آفیشل ویب سائٹس تک رسائی حاصل کریں، اس ضمن میں متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشنز اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (TDRA) نے اپنے بیان کے ذریعے رہائشیوں کو ایک جعلسازی سے آگاہ کیا، جس میں صارفین کو ڈیلیوری چارجز کی ادائیگی کے لیے مختلف لنکس پر کلک کرنے کا کہا جاتا ہے۔

اتھارٹی نے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے کسی بھی لنک پر کلک یا ان سے بات چیت نہ کریں اور کسی بھی خدمات کے لیے صرف آفیشل ویب سائٹس سے رابطہ کریں تاکہ آن لائن کسی بھی فراڈ کے جال میں پھنسنے سے بچ سکیں، ایسے جعلی پیغامات کے ذرائع کو روکنے اور ایسے تمام لنکس کو بلاک کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی گئی ہے۔